15 اپریل بروز ہفتہ کو منہاج یوتھ لیگ سپین کے زیرِ انتظام نئی جامع مسجد منہاج القرآن بارسلونا میں محفل عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا انعقاد کیا گیا جس میں منہاج یوتھ لیگ کے نوجوانوں کے علاوہ منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے اراکین نے بھی شرکت کی ۔

سیکریٹری یوتھ لیگ احسن جاوید نے حافظ محمد اسد کو تلاوتِ کلام پاک کی دعوت دے کر محفل کا باقاعدہ آغاز کیا جس کے بعد سب حاضرین نے اجتماعی طور پر 1000 مرتبہ بارگاہِ رسالتِ مآب صلی اللہ علیہ وسلم میں ہدیہ درود سلام پیش کیا ، نوجوان نعت خوانان نے آقا دوجہاں صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے ان خوش قسمتوں میں محمد عتیق، محمد قیصر، محمد شفیق، محمد حسنات، محمد برکات، نوید اصغراوراسلام حسین شامل ہیں ، سلسلہ نعت خوانی کے بعد نمازِ مغرب ادا کی گئی ۔کوارڈینیٹر یوتھ لیگ نوید اصغر نے درود و سلام کی فضیلت بتاتے ہوئے کہا یہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے تعلق پیدا کرنے کا واحد ذریعہ ہے لہٰذا ہمیں کوشش کرنی چاہیے کہ بارگاہِ رسالتِ مآب صلی اللہ علیہ وسلم میں زیادہ سے زیادہ درود و سلام کا نذرانہ پیش کریں ۔

نمازِ مغرب کے بعد علامہ عبد الرشید شریفی کو دعوتِ خطاب دی گئی ، انہوں نے اپنے خطاب میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کو منانے کے بارے میں قرآنِ کریم سے دلائل پیش کئے اور کہا کہ جو لوگ اس کو منانے کے خلاف ہیں ان کے پاس اس بات کی کوئی دلیل نہیں جبکہ قرآن کریم کئی مقامات پر بہت سے ایام کو ان کی عظمت کی وجہ یاد کرتا ہے لہٰذا ہمیں بھی یہی اصول اپناناچاہیے ۔ انہوں نے قرآن و احادیث کی روشنی میں نوجوانوں کے مختلف سوالات کے جوابات بھی دیئے ۔

ضیافتِ میلاد اور خصوصی دعا کے بعد نمازِ عشاءادا کی گئی اور اس کے بعد سب شرکاءنے کھڑے ہو کر حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ میں سلام کا تحفہ پیش کیا ۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے سرپرست محمد نواز کیانی نے اس پروگرام کے انعقاد پر منہاج یوتھ لیگ کو مبارک باد پیش کی۔