منہاج القرآن بارسلونا کے نئے مرکز میں منہاج یوتھ لیگ سپین بارسلونا کے ہفتہ وار اجلاس کے دوران کراچی بم دھماکوں کی شدید مذمت کی گئی ، نوجوانوں نے اس واقعہ پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پاکستان کو پاکستان پیپلز پارٹی کی استقبالیہ ریلی کی سیکورٹی کا اچھا انتظام کرنا چاہیے تھا جس میں حکومت بری طرح سے ناکام ہوئی ہی۔

اجلاس کے دوران جب قراردادِ مذمت پیش ہوئی تو نوجوانوں نے دہشت گردی کے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو امریکہ کی نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جنگ کے اتحاد سے فوراً نکل جانا چاہیے اور پاکستان کے اندونی مسائل پر توجہ دینی چاہیی، اس اتحاد کا کیا فائدہ جس سے خود ملک کے اندر بد امنی پیدا ہوا ، شرکاءنے اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ ہر واقعہ کا الزام طالبان یا انتہا پسندوں پر لگانا درست نہیں ہے اس میں خود حکومتی اور غیر ملکی ایجنسیاں بھی ملوث ہو سکتی ہیں ۔

شرکاءنے حکومتِ پاکستان سے یہ مطالبہ بھی کیا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کئے جائیں اور عام انتخابات کے دوران سیاسی جلسوں اور پر امن ریلیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مضبوط حکمتِ عملی تیار کی جائے ۔

اجلاس کے آخر میں اس واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی گئی جبکہ کے فوت شدگان کے لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی گئی اور ان سے ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔