گزشتہ دنوں منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے نائب صدر چوہدری مظہر حسین، سیکریٹری جنرل محمد اقبال چوہدری، حاجی نذیر احمد اداسی، علامہ عبد الرشید، حافظ عبد الرزاق، نوید اصغر اور حسین احمد بخاری کے علاوہ منہاج یوتھ لیگ کے نوجوانوں نے Catalunya کے قدیم ترین مذہبی مقام Montserrat کا تفریحی دورہ کیا، اس دورہ میں شرکاءکی کل تعداد 43 تھی ۔

منہاج یوتھ لیگ سپین کے نوجوانوں نے اس تاریخی اہمیت کے دورہ کی تمام تیاریاں قبل از وقت ہی مکمل کر لیںتھیں، ناظمِ نشرو اشاعت منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین نوید اصغر نے دورے سے قبل سب کو Montserrat کی تاریخی اور مذھبی اہمیت کے بارے معلومات فراہم کیں۔



اس تفریحی دورہ کے دن صبح 9 بجے تمام شرکاءجامع مسجد منہاج القرآن میں جمع ہوئے وہاں سے دن کے کھانے کی تیاری مکمل کر کے Paseo Colom روانہ ہو گئے جہاں Julià کمپنی کی ایک بس کے ذریعے پہاڑی پر پہنچے ۔ وہاں پہنچ کر ناشتے کے بعد چرچ میں موجودعیسائی راھبوں کے سربراہ Ramon Oranias نے منہاج القرآن کے وفد کا استقبال کیا اور اپنے خصوصی دیوان میں بٹھا کر سب کو Montserrat کی اہمیت کے بارے تفصیلی معلومات دیں، انہوں نے بتایا کہ اس چرچ کی بنیاد نویں صدی عیسویں میں رکھی گئی، کتالونیا اور سپین کی تاریخ میں اس چرچ کا بہت اہم کردار ہے، جب بھی کوئی تحریکِ آزادی چلی تو یہاں سے اس کی مکمل حمایت کی گئی، انہوں نے پورے دن میں اپنی 5 مختلف عبادات کے بارے میں بتایا اور یہ بھی بتایا کہ ان کے یہاں پہاڑی پر اور کتالونیا کے اندر کافی تعلیمی منصوبہ جات بھی چل رہے ہیں جس میں طلبہ کو مذہبی تعلیم کے ساتھ ساتھ دنیوی تعلیم بھی دی جاتی ہے، انہوں نے منہاج القرآن کو اس تفریحی دورہ پر مبارک باد پیش کی، منہاج القرآن بارسلونا کی جانب سے سیکریٹری جنرل محمد اقبال چوہدری نے ان کو مسجد منہاج القرآن بارسلوناکے دورہ کی دعوت دی ۔

اس معلوماتی سیشن کے اختتام پر تفریحی دورہ شروع ہوا جس میں شرکاءنے Montserrat کی پہاڑی کو سَر کیا، اس دوران نمازِ ظہر بھی ادا کی گئی ۔ چوٹی سے واپسی پر دوبارہ چرچ کا تفصیلی دورہ کیا ۔

اس دورہ کی آخری نشست میں منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی سیکریٹری جنرل محمد اقبال چوہدری نے اپنی گفتگو کے دوران بین المذھبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے اس طرح کے مزید دوروں کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ۔

دورہ کی تصویری کوریج کی ذمہ داری منہاج یوتھ لیگ کے فوٹو گرافر محمد علی اور وڈیو کوریج کی ذمہ داری محمد حسیب نے سر انجام دی ۔
شام 6 بجے یہ تاریخی دورہ اپنے اختتام کو پہنچا اورسب شرکاءبس میں سوار ہو کر واپس جامع مسجد منہاج القرآن بارسلونا پہنچ گئے ۔ اس دورہ کی تصاویر منہاج القرآن سپین کی ویب سائٹ www.Minhaj.es دیکھی جا سکتی ہیں ۔