بارسلونا۔ منہاج یوتھ لیگ سپین کی طرف سے محترمہ بینظیر بھٹو کے قتل کی شدید الفاظ میں مذت کی گئی ہے، منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں یوتھ لیگ کے نوجوانوں کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان کی سابق وزیرِ اعظم محترمہ بینظیر بھٹو کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان سے پُرزور اپیل کی گئی ہے کہ قاتلین کو گرفتار کر کے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے ۔

صدر منہاج یوتھ لیگ سپین محمد عتیق نے کہا کہ منہاج یوتھ لیگ ان حالات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان کے ساتھ مکمل ہمدردی کا اظہار کرتی ہے، انہوں نے کہا کہ بینظیر ایک بے باک و نڈر لیڈر تھیں اور دنیائے اسلام کی پہلی خاتون وزیرِ اعظم تھیں ۔

نائب صدر و ناظمِ دعوت محمد کامران اکرم نے اپنے بیان میں اس واقعہ کی پُر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وطنِ عزیز میں ہر طرف افراتفری کا عالم ہے ایسے حالات میں ہم سب کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور موجودہ حالات میں ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو ملک کو حقیقی جمہوریت کی طرف گامزن کر سکی۔

سیکریٹری جنرل رضوان علی سلطانی نے کہا کہ اس عظیم سانحہ پر ہر پاکستانی اشک بار ہے، پاکستان کی اندرونی حالت دیکھ کر ہمارے دل خون کے آنسو رو رہے ہیں کیونکہ وطنِ عزیز کے حالات دن بدن خراب تر ہو تے جا رہے ہیں ۔ موجودہ حکومت کو اپنی پالیسیوں پر نظرِ ثانی کرتے ہوئے غیر ملکی آقاؤں کے مفاد کی بجائے عوام کے مفاد میں فیصلے کرنے چاہئیں ۔

(راقم)مسیب حسن شفیق اور دیگر اراکین نے بھی اس واقعہ میں محترمہ سمیت دیگر جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور اس سانحہ عظیم کی شدیدمذمت کرتے ہوئے مستقبل میں ایسے حالات کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنے پر زور دیا، اس موقع پر مرحومین کے لیے بلندی درجات کی دعا بھی کی گئی ۔