14مارچ بروز ہفتہ بعد نمازِ عشاءمنہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں منہاج یوتھ لیگ سپین بارسلونا کی تربیتی نشست کا انعقاد کیا گیاجس کاباقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے منہاج یوتھ لیگ سپین کے نوجوان حافظ عاطف احتشام نے کیا اس کے بعد منہاج نعت کونسل نے اپنے خوبصورت انداز میں آقا ئے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے ۔بعد ازاں نوجوانوں کی خصوصی تربیت کیلئے شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے شاگرد رشید علامہ جنید عالم قادری منہاجین نے گفتگو کی جو کہ نیلسن برطانیہ سے تشریف لائے تھے۔

علامہ جنید عالم قادری نے اپنی گفتگو میں فرمایا، ہمارے آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو نوجوانوں اور بچوں سے بے حد پیار ہے، حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کسی بھی معاملہ میں جب مسلمانوں سے آراءلیتے تو ان میں نوجوانوں کی رائے اور ان کے فیصلہ کو زیادہ ترجیح دیتے ۔اس معاشرہ یورپ اور دیارِ غیر میں اگر نوجوان اپنے آپ کو غلط کاموں سے بچا لیں اور بدی کی طرف جانے سے رک جائیں تو ان پر اللہ پاک کا ایسا بڑا انعام ہے جس کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا ۔ بندہ مومن اللہ پاک کی محبت کے حصول اور جنت کے لئے اپنی جان و مال لٹاتا ہی، ایمان والے کبھی بھی اس پر سستی کا اظہار نہیں کرتے اور اللہ جل مجدہ با لآخر ان کو اس اجر عظیم سے نوازتا ہے اور حوصلہ افزائی فرماتے ہوئے کہتاہے کہ کبھی غمگین نہ ہونا، بے شک تم ہی کامیاب ہو گی۔ نوجوانوں کو مزید نصیحت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ علم و عمل کو اپنا لیں اورآپ کا عمل ایسا ہونا چاہیے جس میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت نظر آ رہی ہو۔ اپنی تحریکِ منہاج القرآن کو اور اپنے عظیم قائد کی زندگی کا مطالعہ کریں اور ان کے پیغام کو آگے پھیلائیں، بے شک مسلمان وہ ہے جو اپنی من پسندچیز کو اپنے بھائی کیلئے بھی پسند کری، انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ اگر آپ کو اپنے قائد محترم سے محبت ہے تو ان کی محبت اپنے بھائی میں بھی پیدا کریں، اپنی تحریک کو اور اپنے عظیم قائد کو سمجھیں تاکہ آپ اعتماد کیساتھ دوسروں تک اس عظیم مشن کا پیغام پہنچا سکیں۔

علامہ جنید عالم قادری کے تربیتی خطاب کے بعد سوال و جواب کا سیشن شرع ہوا، جس میں انہوں مفصل طریقے سے نوجوانوں کے دینی، فقہی اور تحریکی سوالات کے جوابات دیے۔ اللہ پاک کے ذکر اور علامہ جنید عالم قادری منہاجین کی خصوصی دعا سے 5 گھنٹے جاری رہنے والی اس خصوصی تربیتی نشست کا اختتام ہوا۔




 



 



 

رپورٹ۔ محمد عتیق الرحمان
صدر منہاج یوتھ لیگ سپین

فُل سائز تصاویر