مسلمان اور بالخصوص پاکستانی تارکین وطن کی نوجوان نسل یورپین ممالک میں رہ کر دنیاوی علوم سے آراستہ ہو کر مختلف میدانوں میں اپنا اور اپنے ملک کا نام تو روشن کر رہی ہے لیکن دینی علوم سے نا آشناء ہونے کے باعث وہ رفتہ رفتہ دین سے دور ہوتے جا رہے ہیں ایسی صورت حال میں ملت اسلامیہ کی نئی نسل کو علم دین کے زیور سے مزین کرنے کے لیے منہاج القرآن انٹرنیشنل یورپ کی تنظیمات کے زیر انتظام مختلف تربیتی کلاسز، کورسز اورورکشاپس کا انعقاد کیا جاتا ہے جن میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری سے براہ راست فیض یافتہ فاضلین و اساتذہ کرام تدریسی فرائض سر انجام دیتے ہیں۔

جگر گوشہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری صاحبزادہ حسن محی الدین قادری کی سرپرستی میں اور رابطہ آفس جامعہ اسلامیہ الازہرشریف( اسلام آباد )کی زیر نگرانی رواں سال منہاج القرآن یوتھ لیگ سپین کے زیر اہتمام نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کو دین اسلام کی بنیادی تعلیمات کے زیور سے آراستہ کرنے کے لیے مورخہ 7 مئی 2011 کو الفرغانہ کورس کا آغاز کیا گیا۔ 6 کلاسزپر مشتمل تعلیمی و تربیتی کورس میں بطور استاذ منہاج یونیورسٹی (پاکستان)اور جامعۃ الازہر شریف (مصر)سے فارغ التحصیل شیخ محمد صادق قریشی کو منتخب کیا گیا اور کورس کے مضامین میں قرآن مجید، حدیث نبوی، فقہ، تصوف اور منہاج القرآن کا انتخاب کیا گیا۔

منہاج یوتھ لیگ کی نظامت نشرو اشاعت کے تحت تمام کلاسزکی تحریری ، تصویری اور ویڈیو کوریج بھی کی گئی، حاضری شیٹ کے مطابق کلاس میں بارسلونا اور گرد و نواح کے شہروں سے 150سے زائد طلباء و طالبات نے شرکت کی۔

پہلی کلاس

کورس کی پہلی کلاس 7مئی 2011 بروز ہفتہ کو منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں ہوئی، کلاس سے قبل منہاج یوتھ لیگ کی انتظامیہ نے منہاج اسلامک سنٹر کے داخلی دروازے پر کلاس میں داخل ہونے والے تمام شرکاء کا استقبال کیا اور ان کی باقاعدہ رجسٹریشن کی۔

کلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم اور نعت رسول مقبول ﷺسے کیا گیا جس کے بعد منہاج یوتھ لیگ سپین کے صدر احسن جاوید خان نے کلاس کے اغراض و مقاصد اور اس میں سکھائے جانے والے علوم کے بارے شرکاء کو آگاہ کیا۔کلاس میں شیخ محمد صادق قریشی (منہاجین الازہری) نے طلباء و طالبات کو جن عنوانات پر لیکچر دیا ان میں علم کی اہمیت و فضیلت، محلات قرآن، تفسیر قرآن (سورۃ العصر)، علم حدیث اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا تعارف اور ان کی دین اسلام کے لیے خدمات شامل ہیں۔ لیکچر کے بعد طلباء و طالبات کے لیے سوال و جواب کی نشست کا اہتمام بھی کیا گیا۔

دوسری کلاس

21 مئی 2011 کو کورس کی دوسری کلاس ہوئی جس میں شیخ محمد صادق قریشی نے حفاظت قرآن کے موضوع پر لیکچر دیا اور اس کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حضور ﷺاور خلفائے راشدین کے ادوار میں قرآن مجید کو کس طریقہ سے جمع کیا جاتا رہا اور اس کی کس طرح حفاظت کی گئی ، کلاس کے دوسرے حصے میں انہوں نے حدیث کی اقسام اور فنِ حدیث پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ تیسرے حصے میں نماز کی شرائط و ارکان پر لیکچر دیا اور آخری حصہ میں منہاج ویلفئیر فاؤنڈیشن کے یتیم بچوں کی کفالت کے عظیم الشان منصوبہ آغوش کی ڈاکومنٹری دکھائی گئی۔

تیسری کلاس

4 جون 2011 کوکورس کی تیسری کلاس ہوئی جس میں علامہ محمد صادق قریشی نے قرآن مجید کی جامعیت اور لفظ قرآن کے Root Wordsپر تفصیلی گفتگو کی اور سورۃ الکوثر کی تفسیر بیان کی، کلاس کے دوسرے حصہ میں حفاظتِ حدیث پر سیر حاصل لیکچر دیا۔تیسرے حصہ الفقہ میں احکام شریعت پر روشنی ڈالی اور چوتھے حصے میں اسلامی تصوف کی تعلیمات بیان کیں، کلاس کے آخری حصے (منہاج القرآن) میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی کتاب تذکرے اور صحبتیں کا تعارف کرایا گیا اور تمام طلبہ کو اس کے مطالعہ کی تاکید کی گئی۔

چوتھی کلاس

18جون 2011 کو کورس کی چوتھی کلاس منعقد ہوئی جس میں علامہ صادق قریشی (منہاجین)نے قرآن کریم کے انسانوں پر حقوق کے بارے بتایا اور دوسرے حصے میں حدیث کو جمع کرنے والے صحابہ کرام کے نام اور ہر ایک کی جمع کردہ احادیث کی تعداد بتائی۔تیسرے حصے الفقہ میں مذہب اہل سنت والجماعت کے 4 ائمہ کرام کا مختصر تعارف پڑھایا اور چوتھے حصے التصوف میں سلاسل تصوف (قادریہ، نقشبندیہ، سہروردیہ ، چشتیہ) پر روشنی ڈالی اور ان کے بانیان کا تعارف پڑھایا کلاس کے آخری حصے میں میں تحریک منہاج القرآن کے اہداف (تعلق باللہ، ربط رسالت، رجوع الی القرآن ، اخو و بھائی چارہ، جہاد بالعلم اور غلبہ اسلام)پر تفصیلی گفتگو کی۔اس کلاس کے آخر پر طلبہ و طالبات سے امتحان (ٹیسٹ)لیا گیا جس کے نتائج حوصلہ افزاء رہے۔

پانچویں کلاس

2 جولائی 2011 کوکورس کی پانچویں کلاس ہوئی جس کے پہلے حصے (القرآن)میں علامہ محمد صادق قریشی نے آداب تلاوت قرآن کریم ، سورۃ فاتحہ، سورۃالفلق اور سورۃ الناس کی تفسیر و فضیلت بیان کی۔کلاس کے دوسرے حصے (الحدیث)میں روزہ اور زکوٰۃکے متعلق احادیث نبوی کے حوالے سے لیکچر دیا، تیسرے حصے الفقہ میں نماز کے فرائض و واجبات پر روشنی ڈالی اور آخر میں تصوف کی مشہور کتب کا تعارف کرایا۔ اس کلاس میں تمام طلبہ و طالبات سے امتحان بھی لیا گیا۔

چھٹی کلاس اور تقریبِ تقسیم اسناد

کورس کی چھٹی اور آخری کلاس 24 جولائی کو ہوئی جس میں کلاس میں شرکت کرنے والے طلباء و طالبات کے درمیان Quiz Competitionاور تقریب تقسیمِ انعامات و اسناد منعقد ہوئی۔

کلاس کے تمام شرکاء نے منہاج یوتھ لیگ سپین کے تحت ہونے والے اس کورس کو بہت پسند کیا اور اس کو منہاج یوتھ لیگ سپین کا عظیم کارنامہ قرار دیا۔

آخری کلاس میں تقریب اسناد میں خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے صدر مرزا محمد اکرم بیگ اور نائب صدر ظل حسن قادری نے بھی منہاج یوتھ لیگ کے صدر احسن جاوید خان ، سیکریٹری جنرل خرم شبیر قادری اور ان کی پوری ٹیم کو کورس کو کامیاب بنانے کے لیے دن رات محنت کرنے پر خصوصی مبارک باد پیش کی۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے صدر مرزا محمد اکرم بیگ نے علامہ محمد صادق قریشی (الازہری) کے لیے بھی تحسین کے کلمات کہے اور ہر 15 روز بعد لندن سے بارسلونا تشریف لانے پر ان کا خصوصی شکریہ بھی اداء کیا۔

اس موقع پر علامہ محمد صادق قریشی الازہری نے منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی پوری تنظیم اور اس کے جملہ فورمز کو کورس کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی ۔

محمد عتیق قادری + نوید احمد اندلسی

Minhaj Youth LeagueMinhaj Youth League

Minhaj Youth LeagueMinhaj Youth League

Minhaj Youth LeagueMinhaj Youth League

Minhaj Youth LeagueMinhaj Youth League

Minhaj Youth LeagueMinhaj Youth League

Minhaj Youth LeagueMinhaj Youth League

Minhaj Youth LeagueMinhaj Youth League

Minhaj Youth LeagueMinhaj Youth League