اتواریکم اپریل کو شام 5 بجے بارسلونا میں منہا ج القرآن انٹرنیشنل سپین کے زیرِ اہتمام محفلِ عید میلاد النبی کا انعقاد کیا گیا جس میں عاشقانِ مصطفی نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔
محفل کا آغاز تلاوتِ قرآن کریم سے امام جامع مسجد منہاج القرآن حافظ عبد الرزاق نقشبندی نے کیا جس کے بعد ثناء خوانانِ مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم نے بارگاہِ رسالتِ مآب میں گلہائے عقیدت پیش کیے ، ان خوش قسمتوں میں منہاج نعت کونسل سپین کے سربراہ قدیر احمد خان، محمد جلیل، آصف بیگ ، محمد عتیق، حیدر علی فاروقی اور محمد عثمان شامل ہیں ، اس موقع پر منہاج القرآن کی طالبات نے گروپ کی صورت میں عربی زبان میں نعتِ رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پیش کی جس کو حاضرین نے بہت پسند کیا ۔
سفیرِ یورپ تحریک منہاج القرآن الشیخ علامہ حافظ نذیر احمد قادری (ہالینڈ)کو دعوتِ خطاب دی گئی انہوں نے اپنے خطاب میں آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث پاک کو موضوع بنایا اور کہا کہ نورِ محمدی اپنی تخلیق سے ولادت تک پاک پشتوں اور پاک رحموں میں منتقل ہوتا آیا ہے اس لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پورے شجرہ نسب میں کوئی بھی ایسی شخصیت نہیں ہے جو توحید پرست نہ ہو ، علامہ صاحب نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے شجرہ نسب کو آپ کے والدِ گرامی حضرت عبد اللہ بن عبد المطلب سے لے کر حضرت اسماعیل علیہ السلام تک بیان فرمایااور کہا کہ یہ سب شخصیات اپنے دور کی منفرد اور عظیم شخصیات تھیں ، انہوں نے بتایا کہ آج کے دور میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ہمیں خود اور اپنی اولادوں کو دین کی طرف راغب کرنے کے لیے تحقیق کا جو عظیم کام کیا ہے اس کی صدیوں تک کوئی مثال نہیں ملتی اور ان کا یہ کام صدیوں تک امتِ مسلمہ کے کام آئےگا۔
خطاب کے بعد پروگرام کے مطابق عمرہ کوپن کے لیے قرعہ اندازی کی گئی جس میں بارسلونا کے ساتھ واقع قصبے Hospitalet کے رہنے والے ایک خوش قسمت ظفر مقبول کا نام نکلا ، مہمان مقرر اور منہاج القرآن سپین کی انتظامیہ نے ان کو مبارک باد دی اور کہا عمرہ کی اس ٹکٹ میں سب کا حصہ شامل ہے اس لیے اس کا ثواب بھی سب کو ملے گا ۔ اس کے بعد ایک مقامی خاتون نے علامہ حافظ نذیر احمد قادری کے ہاتھ پر اسلام قبول کیا اور اس طرح وہ امتِ دعوت سے امتِ اجابت کا حصہ بنی ۔
دورانِ محفل اسپورٹس ہال میں جشن کا سماں تھا اور علامہ صاحب کے خطاب کے دوران شرکاءکی جانب سے تکبیر و رسالت کے نعرے لگتے رہے ، محفل میں فرزندانِ اسلام بالخصوص خواتین کی تعداد دیدنی تھی ، ہال کے بیرونی دروازہ پر منہاج لائبریری کی طرف سے لگائے گئے اسٹال پر شیخ الاسلام کے خطابات پر مبنی VCDs اور کتب بھی موجود تھیں جبکہ ہال کے اندر عید میلاد النبی کے حوالے سے خوبصورت بینر آویزاں کیے گئے تھے ، اس محفل میں نقابت کے فرائض علامہ حافظ عبد الرشید شریفی نے سرانجام دیے ۔
محفل کے آخر میں سب حاضرین نے کھڑے ہو گا آقائے دوجہاں پر درود سلام پیش کیا اور محفل کا اختتام ضیافتِ میلاد کے تبرک سے ہوا جس کا معقول انتظام حاجی محمد نذیر اداسی نے منہاج یوتھ لیگ سپین کے نوجوانوں کی معاونت سے کیا ۔
فُل سائز تصاویر