حضرت عیسیٰ ؑ اور قائد اعظم ؒ کے یوم پیدائش کی تقریب 22دسمبر کو منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں ہو گی
کاتالونیا کے سابقہ گورنر، موجودہ گورنر ، پاکستانی قونصل جنرل اور ڈی جی مذہبی امور خصوصی شرکت کریں گے
منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے زیر اہتمام قائد اعظم محمد علی جناح (رحمتہ اللہ علیہ) اور حضرت عیسیٰ (علیہ السلام) کے یومِ پیدائش کے سلسلے میں خصوصی تقریب 22دسمبر 2011بروز جمعرات منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں منعقد ہو گی ۔ تقریب میں پاکستان اور کاتالونیا (سپین) کی مسلمان اور مسیحی کیمونٹی شرکت کرے گی۔
مہمانانِ گرامی میں کاتالونیا کے سابق گورنر Joan Rangel، کاتالونیا کی موجودہ گورنر Montserrat Garcia، پاکستانی قونصل جنرل مسعود خان راجا ، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور کاتالونیا Xavier Puigdollersاور دیگر مقامی و پاکستانی مہمان شامل ہیں ، پاکستانی مسیحی کیمونٹی میں سے ممتاز منیر سہوترہ اور جاوید اقبال گل شرکت کریں گے، صحافی برادری میں سے حافظ عبدا لرزاق صادق، جاوید مغل، شفقت علی رضاء ، رضوان کاظمی، حق نواز چوہدری اور ڈاکٹر قمر احسان شرکت کریں گے ۔
تقریب کا آغاز شام 6بجے اور اختتام 8بجے ہو گا پروگرام میں تلاوتِ قرآن کریم ، نعت رسول مقبول ﷺ ، تقاریر ، سیرت حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمودات پر روشنی ڈالی جائے گی اور دونوں ہستیوں کے یوم پیدائش کی مناسبت سے کیک بھی کاٹے جائیں گے، تقریب میں شرکت کی دعوت عام ہے ۔