اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے بادالونا Badalonaمیں مسجد منہاج القرآن کی جگہ کی خریداری، تعمیراتی کام کی تکمیل اور افتتاح کے بعد سپین میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مراکز کی تعداد 4ہو گئی ہے جن میں سے 2بارسلونا ،1بادالونااور 1لوگرونیو میں واقع ہے ۔ ان تمام مراکز سے پاکستانی اور مسلمان کیمونٹی دن رات مستفید ہو رہی ہے ۔ منہاج القرآن سپین کے مراکز میں دینی سرگرمیوں کے علاوہ ثقافتی ، تعلیمی ، بین المذھبی اور بین الثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد بھی کیا جاتاہے ، جن میں بچوں کے لیے ناظرہ قرآن کریم کی تعلیم ، اردو زبان کی تعلیم، خواتین و حضرات کے لیے ہسپانوی و کاتالان زبان کی تعلیم شامل ہے ۔
گزشتہ 30مئی بروز اتوار کو منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستانی کیمونٹی بالخصوص فیملیزکی آبادی میں مسلسل اضافے کے پیش نظر جلد ہی Hospitaletمیں بھی مسجد تعمیر کی جائے گی کیونکہ تاحال وہاں کوئی مسجد نہیں قائم کی گئی اور اس کمی کے باعث پاکستانی کیمونٹی کے بچوں کا دینی مستقبل خراب ہونے کا خدشہ ہے ۔اجلاس میں اوسپتالیت کے ممتاز بزنس مین اور منہاج القرآن بارسلونا کی مجلس شوریٰ کے ممبر حاجی زاہد اختر زاہدی کو Hospitaletمیں منہاج القرآن کا کوارڈینیٹر مقرر کرتے ہوئے اگلے اجلاس میں رپورٹ پیش کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔
Hospitaletمیں رہائش پذیر منہاج القرآن انٹرنیشنل کے رفقاء ، اراکین ، وابستگان اور دین کے کام کے لیے درد دل رکھنے والے حضرات سے اپیل ہے کہ وہ اس بارے اپنی بہتر تجاویز و آراء کے لیے منہاج القرآن بارسلونا مرکز سے رابطہ کریں ۔