شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے 57 ویں یومِ پیدائش کے موقع پر منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں 17 فروری بروز اتوار کو شام 4:00 بجے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا جائے گا جس میں علامہ محمد ادریس رانا بطورِ مہمان خصوصی خطاب فرمائیں گے جبکہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری مد ظلہ العالی بذریعہ ٹیلیفون خطاب فرمائیں گے ۔
یاد رہے کہ دنیا بھر میں تحریک منہاج القرآن کے وابستگان و کارکنان اپنے قائد کا یومِ پیدائش بڑے جوش و خروش سے مناتے ہیں جس میں شیخ الاسلام کی امت مسلمہ کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا جاتاہے اور اللہ تعالیٰ کے حضور ان کی صحت وعمر درازی کے لیے دعا کی جاتی ہے ۔
منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں اس تقریب میں بھی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری مد ظلہ العالی کی اتحادِ امت ، غلبہ دین حق کی بحالی اور تجدید و احیاءدین کے لیے کی گئی کوششوں پر روشنی ڈالی جائے گی اور جس مشن کا آغاز آج سے 27 سال قبل لاہور میں کیا گیا تھا اس کے ساتھ اپنی وابستگی کے عہد کی تجدید بھی کی جائے گی ۔ اس موقع پر منہاج القرآن بارسلونا کے طلبہ و طالبات حضور شیخ الاسلام کی شان میں لکھا گیا ترانہ "ظلمت آفاق میں چمکے گا طاہر قادری"بھی پیش کریں گے ۔
منہاج القرآن کے وابستگان و کارکنان خواتین و حضرات اور بارسلونا کے تمام پاکستانیوں کو اس تقریب میں شرکت کی دعوتِ عام دی جاتی ہے ۔ تقریب کا آغاز شام 4بجے ہو گا جو کہ نمازِ مغرب (6 بجے) تک جاری رہے گی۔ پروگرام میں نقابت کے فرائض امیرمنہاج القرآن بارسلونا علامہ عبد الرشید شریفی سر انجام دیں گے ۔