بادالونا میں 23نومبر، اوسپتالیت میں 24نومبر اور بارسلونا میں 25نومبر کو سالانہ شہادت امام حسینؓ کانفرنسز منعقد ہو نگی
منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین نے سالانہ شہادت امام حسینؓ کانفرنسز کے پروگرامز کو ختمی شکل دے دی ہے، جس کے تحت 23نومبر بروز جمعۃ المبارک کو بادالونا Badalonaمیں، 24نومبر بروز ہفتہ کو اوسپتالیت Hospitaletمیں اور 25نومبر بروز اتوار کو بارسلونا Barcelonaمیں سالانہ شہادت امام حسینؓ کانفرنسز منعقد ہو نگی ، جن میں منہاج القرآن اسلامک سنٹر درآمن (ناروے) کے ڈائریکٹر علامہ نور احمد نور خطاب کریں گے ۔
منہاج القرآن بادالونا کے سیکرٹری جنرل عدنان رضاء کے مطابق Badalonaمیں سالانہ شہادت امام حسینؓ کانفرنس 23نومبر 2012ء بروز جمعۃ المبارک دن1بجے نماز جمعہ کے ساتھ ہی منعقد کی جائے گی ، پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہو گا، جبکہ نماز جمعہ کے بعد علامہ عبد الرشید شریفی اور علامہ نور احمد نور حضرت امام حسین (رض) کی سیرت و شہادت پر خطاب کریں گے ۔ محفل کے اختتام پر لنگرحسینی بھی تقسیم کیا جائے گا ۔
منہاج القرآن اوسپتالیت کے سیکرٹری جنرل شبیر حسین گوہر کے مطابق Hospitaletمیں شہادتِ امام حسینؓ کانفرنس 24نومبر 2012ء بروز ہفتہ کو منعقد ہو گی، انہوں نے بتایا کہ کانفرنس کا آغازسہ پہر4بجے ہو گا، جبکہ اختتام نماز عشاء سے قبل ہو گا ، نماز عشاء کے بعد منہاج القرآن اوسپتالیت کی طرف سے شرکاء محفل میں لنگر حسینی تقسیم کیا جائے گا ۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کا 10محرم الحرام کے سلسلہ میں مرکزی پروگرام 25نومبر 2012ء بروز اتوار کو سہ پہر 4بجے Museu Maritim de Barcelona کے وسیع و عریض ہال میں منعقد ہو گا جو کہ میٹرو L3کے سٹاپ Drassanesپر واقع ہے ،تلاوتِ قرآن کریم کے بعد بارسلونا اور گردو نواح سے معروف ثناء خوانان شاعری کی صورت میں آقاء دوجہاں ﷺ کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت اور اہل بیت اطہار (رض) کی مناقبت پیش کریں گے ۔ بارسلونا میں یہ اس سلسلہ کی 17ویں سالانہ کانفرنس ہو گی جس کے مہمان خصوصی علامہ نور احمد نور ہونگے ۔محفل کے اختتام پر شرکاء میں تبرک بھی تقسیم کیا جائے گا ۔
سرپرست منہاج القرآن سپین محمد نواز کیانی، امیر تحریک علامہ عبد الرشید شریفی، صدر منہاج القرآن سپین مرزا محمد اکرم بیگ ، صدر منہاج مصالحتی کونسل سپین محمد اقبال چوہدری اور منہاج القرآن سپین کے دیگر عہدیداران و تنظیمات کی طرف سے اہلیان بارسلونا ، بادالونا اور اوسپتالیت کو ان تمام محافل میں شرکت کی دعوت عام ہے ۔