بارسلونا( سپین) میں عید الاضحیٰ کا سب سے بڑا اجتماع منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے زیر اہتمام 15اکتوبر 2013ء بروز منگل کو اسپورٹس ہال (رمبلا رابال) میں منعقد ہو گا جہاں نمازِ عید کی 2جماعتیں کروانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہال 8:00 بجے کھل جائے گا جس کے بعد عید الاضحیٰ کی پہلی جماعت 8:45 بجے اداء کی جائے گی اور دوسری جماعت 45 منٹ بعد ہو گی، نمازیوں کی تعداد کے مطابق مزید جماعتیں بھی کروائی جا سکتی ہیں۔
یہ اسپورٹس ہال Rambla del Ravalاور C / Sant Pau کے سنگم پر واقع ہے، بیرون بارسلونا سے آنے والے نمازی یہاں پہنچنے کے لیے میٹرو لائن نمبر 3 استعمال کر کے Paral.lel سٹاپ پر اتریں، کسی بھی خراب موسمی صورتِ حال سے بچنے کے لیے منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی طرف سے ہر سال عیدین کی نماز کی ادائیگی کے لیے کھلی جگہ کی بجائے بند ہال کے حصول کو ترجیح دی جاتی ہے۔ اسپورٹس ہال میں چونکہ وضو کا انتظام نہیں ہو گا اس لیے منہاج القرآن بارسلونا کی انتظامیہ کی طرف سے تمام نمازیوں کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ باوضوتشریف لائیں۔
اس کے ساتھ ساتھ منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا (بڑی مسجد) میں بھی نماز عید کی 3 جماعتوں کا اہتمام کیا گیا ہے جہاں پہلی جماعت 8:30 بجے، دوسری جماعت 9:00 بجے اور تیسری جماعت 9:30پر اداء کی جائے گی ۔