14 مارچ بروز ہفتہ کو منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بادالونا کے زیرِ اہتمام سوک سنٹر سانت روک Centre Civic de Sant Rocمیں عظیم الشاں محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم انعقاد پذیر ہوئی جس میں سینکڑوں عاشقانِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے شرکت کی ۔ محفل میں منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے قائدین، منہاج یوتھ لیگ سپین کے نوجوان، بلدیہ بادالونا کے نمائندگان، منہاج القرآن بادالونا کے عہدیداران، مختلف اخبارات کے نمائندگان اور عوام الناس کی ایک بڑی تعداد موجود تھی ۔ اللہ تعالیٰ کے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے یوم ولادت کے سلسلے میں سجائی جانے والی اس محفل میں برطانیہ سے آنے والے فاضل منہاج یونیورسٹی علامہ جنید عالم قادری نے سیرتِ رسول ِ پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر سیر حاصل خطاب کیا۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن کریم سے حافظ جبران اعظم کیانی نے کیا جس کے بعد منہاج نعت کونسل اور دیگر ثناءخوانان نے آقاءدوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کیے ۔ ان خوش قسمتوں میں راجہ محمد شفیق، محمد عاطف احتشام، ارشد نواز، محمد ذیشان، محمد عثمان، محمد حماد، محمد جلیل اور سجاد گولڑوی شامل تھے ۔

بلدیہ بادالونا کے نمائندہ David Torrent اور Josep Pera نے بھی اس محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں شرکت کی ۔بادالونا بلدیہ کے امورِ بقائے باہمی اور تعاونِ باہمی کے سربراہJosep Pera نے اپنے خطاب میں کہا کہ کتالونیا اور بادالونا ایک جموری نظام کا حصہ ہیں جس میں رہنے والے تمام افراد قانون کی نظر میں ایک جیسے ہیں اس لیے ان سب کو ایک جیسے حقوق حاصل ہیں چاہے ان کا تعلق دنیا کے کسی بھی علاقے یا مذہب سے ہو ۔ انہوں نے بتایا کہ منہاج القرآن بادالونا کی مسجد کی تکمیل کے لیے بلدیہ بادالونا پہلے دن سے کوشش کر رہی ہے اور ابھی بھی اس کی تکمیل میں حائل قانونی رکاوٹوں کے ازالہ کے لیے کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات پر بہت خوشی ہو رہی ہے کہ منہاج القرآن بادالونا نے ان کو اس اہم موقع پراپنے ساتھ شریک کیا ۔

دوران محفل جب علامہ جنید عالم قادری ہال میں پہنچے تو منہاج القرآن بادالونا کے عہدیداران اور شرکاءمحفل نے پھولوں اور نعروں سے ان کا پرتپاک استقبال کیا، اس موقع پر منہاج مصالحتی کونسل کے صدر محمد اقبال چوہدری، صدر منہاج القرآن بادالونا چوہدری جہانگیر حسین، نائب صدر طاہر محمود اور امام منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا حافظ محمد عابد نقشبندی ان کے ہمراہ تھے ۔ نقیب محفل، منہاج القرآن بادالونا کے ناظم دعوت میاں برکات احمد نے فاضل منہاج یونیورسٹی لاہور اور منہاج القرآن نیلسن (یو کی)کے رہنما علامہ جنید عالم قادری کو دعوتِ خطاب دی، انہوں نے اپنے خطاب میں آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اخلاقِ حسنہ کے مختلف واقعات اور میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محافل کا انعقاد کرنے اور اس میں شامل ہونے والوں کی عظمت بیان کی ۔ علامہ صاحب نے بتایا کہ زمین کے جس حصے میں سرکارِ دوعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا میلاد منایا جاتا ہے و ہ جگہ بھی خوشی مناتی ہے اور اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتی ہے ۔

نمازِ مغرب کی ادائیگی کے بعدمنہاج نعت کونسل کے نوجوانوں نے صلوٰۃ و سلام پیش کیا، علامہ جنید عالم قادری کی خصوصی دعا اور ضیافت میلاد کی تقسیم سے یہ تاریخی نوعیت کی حامل محفل اختتام پذیر ہوئی ۔ محفل کے بعد منہاج القرآن بادالونا کی تنظیم نے علامہ جنید عالم قادری کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں سیکریٹری جنرل منہاج القرآن سپین نوید احمد اندلسی، امام منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا علامہ محمد عابد نقشبندی، ممبر منہاج مصالحتی کونسل محمد شفیق، ممبر نعت کونسل محمد عاطف احتشام، صدر یوتھ لیگ محمد عتیق، حاجی لیاقت علی، حاجی فیض بخش اعوان اور حاجی اشتیاق احمد شامل تھے ۔ اس موقع پر صدر منہاج القرآن بادالونا جہانگیر حسین، نائب صدر طاہر محمود، سیکریٹری جنرل عدنان رضا سمیت دیگر عہدیداران موجود تھے ۔


|

|

|

|

|

|

|

|
فُل سائز تصاویر