منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی ذیلی تنظیم منہاج القرآن بادالونا کے زیر انتظام منہاج اسلامک سنٹر بادالونا میں 21مئی بروز ہفتہ سرکارِ دوعالم ﷺ کے موئے مبارک کی زیارت کروانے کے لیے خصوصی محفل کا انعقاد کیا گیا جس کا باقاعدہ آغاز نماز ظہر کے بعد تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کی سعادت حافظ محمد معروف نقشبندی نے حاصل کی جس کے بعد حافظ محمد جبران قادری نے نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی، محفل کی صدارت علامہ عبد الرشید شریفی نے کی ، منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے سرپرست محمد نواز کیانی نے بھی محفل میں خصوصی شرکت کی، اس کے علاوہ محفل میں منہاج القرآن بارسلونا و بادالونا کے عہدیداران اور منہاج یوتھ لیگ سپین کے نوجوان بھی شریک ہوئے ۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے شاگرد خاص اور منہاج اسلامک سنٹر لندن (برطانیہ)کے ڈائریکٹر علامہ صادق قریشی کو دعوت خطاب دی گئی جنہوں نے حضور نبی کریم ﷺ کے موئے مبارک کے فضائل بیان کیے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی کتاب برکات مصطفی کا تعارف کروایا ۔
محفل میں فرزندان و دختران اسلام کی بہت زیادہ حاضری کے باعث پہلے خواتین کوموئے مبارک کی زیارت کروائی گئی اور دوسرے حصے میں مردوں کو یہ سعادت نصیب ہوئی ۔ اس موقع پر منہاج القرآن بادالونا کی انتظامیہ نے سیکورٹی و ڈسپلن کے خصوصی انتظامات کیے ، اعلیٰ نظم و نسق کی بدولت سینکڑوں عاشقانِ مصطفی قطاروں کی صورت درود و سلام کی گونج میں زیارت موئے مبارک سے فیض یاب ہوئے ۔ آخر میں امیر منہاج القرآن علامہ عبد الرشید شریفی نے امت مسلمہ اور پاکستان کے لیے دعائے خیر کی ۔
(ناظم نشرا شاعت منہاج القرآن بادالونا، سپین)