6مئی بروز اتوار، منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے زیر اہتمام منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں ماہانہ محفل گیارہویں منعقد ہوئی جس میں منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں قرآن پاک حفظ کرنے والے طالب علم حافظ محمد معراج کی دستار بندی کی گئی ۔محفل میں حافظ محمد معراج کی فیملی کے افراد اور بارسلونا بھر سے سے سینکڑوں افراد نے شرکت کی ۔
محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے کیا گیا جس کی سعادت امام مسجد حافظ عبدالرزاق نے حاصل کی اس کے بعد نعت خوانان نے آقاء دو جہاں ﷺ کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت پیش کیا ۔حافظ محمد عابد نقشبندی نے اپنے خطاب میں قرآن و حدیث کی روشنی میں اولیاء اللہ کی شان بیان کرتے ہوئے شرکاء محفل کو تلقین کی کہ وہ اپنی دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے اسلاف امت کی سیرت سے رہنمائی لیں ۔اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے دورہ ہندوستان کا ویڈیو کلپ بھی دکھایا گیا ۔
محفل کے اگلے حصے میں تکبیر و رسالت کے نعروں اور درود و سلام کی گونج میں منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا کے طالب علم حافظ محمد معراج کی دستار بندی کی گئی ۔صدر مجلس شوریٰ حاجی ارشد محمود نے محمد معراج کو سند حفظ قرآن اور منہاج القرآن اوسپتالیت کے صدر حاجی زاہد محمود نے اعزازی شیلڈ پیش کی ۔اس موقع پر منہاج القرآن انٹر نیشنل سپین کے عہدیداران اور حاضرین محفل نے حافظ محمد معراج، ان کے استاد حافظ محمد عابد نقشبندی اور ان کے والد محترم ارشد محمود کو خصوصی مبارک باد دی ۔
محفل کے اختتام پر شرکاء محفل میں لنگر تقسیم کیا گیا جس کا انتظام حاجی محمد افضل قادری نے اپنے رفقاء کی معاونت سے کیا ۔