محفل میں صاحبزادہ تسلیم احمد صابری، شہباز قمر فریدی، قاری شاہد محمود قادری اور محمد یوسف میمن خصوصی شرکت کر رہے ہیں
منہاج ٹی وی محفل کو براہ راست نشر کرے گا، 4عمرہ ٹکٹ بذریعہ قرعہ اندازی دیے جائیں گے
منہاج القرآن اوسپتالیت (سپین) کے زیر اہتمام آج (25مئی 2013ء کو )سپین کی تاریخ میں اپنی نوعیت کی پہلی عظیم الشان محفل نعت منعقد ہو رہی ہے جس میں عالمی شہرت کے حامل نعت خوانان خصوصی شرکت کر رہے ہیں جن میں صاحبزادہ تسلیم احمد صابری، الحاج محمد یوسف میمن، قاری شاہد محمود قادری اور شہباز قمر فریدی شامل ہیں، اس کے علاوہ منہاج یوتھ لیگ سپین کی منہاج نعت کونسل کے نوجوان بھی اپنے استاد اور معروف نعت خواں قدیر احمد خان کے ہمراہ ثناء خوانی کریں گے۔ کانفرنس میں پاکستانی قونصلیٹ کے ویلفیئر قونصلر محمد اسلم غوری بھی خصوصی شرکت کریں گے جبکہ پاکستانی قونصل جنرل برائے بارسلونا مسعود خان راجہ کی شرکت بھی متوقع ہے۔
محفل کو منہاج ٹی وی MinhajTVکے ذریعے دنیا بھر میں براہ راست دکھایا جائے گا، محفل کا آغاز شام 7بجے ہو گا اور محفل میں قرعہ اندازی کے ذریعے عمرہ 4ٹکٹ بھی دیئے جائیں گے جس کے لیے اوسپتالیت کی کاروباری شخصیت یاسر علی نے خصوصی تعاون کیا ہے۔یہ محفل بارسلونا کے نواحی شہر اوسپتالیت میں La Fargaکے وسیع و عریض ہال میں منعقد ہو گی جہاں بارسلونا اور سپین کے دیگر شہروں سے ہزاروں عاشقانِ مصطفی ﷺ شرکت کریں گے، محفل میں شرکت کی دعوتِ عام ہے اور خواتین کی شرکت کا خصوصی انتظام ہو گا۔ محفل میں شرکت کے لیے اوسپتالیت شہر سے باہر سے آنے والے افراد میٹرو لائن نمبر 1کے سٹاپ Rambla Just Oliverasکا استعمال کریں گے، La Fargaکمرشل سنٹر C / Barcelona, 2میں واقع ہے۔