ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے 4 مراکز پر مسنون اعتکاف کا انتظام کیا گیا ہے، تفصیلات کے مطابق منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں 15، منہاج اسلامک سنٹر بادالونا میں 6، منہاج اسلامک سنٹر اوسپتالیت میں 12 اور منہاج اسلامک سنٹر لوگرونیو میں 7 افراد اعتکاف کی سنت اداء کر رہے ہیں، معتکفین میں ہر عمر کے افراد شامل ہیں۔ منہاج القرآن بارسلونا، بادالونا، لوگرونیو اور اوسپتالیت کی انتظامیہ کی طرف سے معتکفین کی سحری اور افطاری کے بہترین انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
منہاج القرآن سپین کے مراکز کی انتظامیہ کی طرف سے دوران اعتکاف معتکفین کے لیے تربیتی شیڈول بھی تر تیب دیا گیا ہے جس کے تحت رات 2 بجے سے 4 بجے شہر اعتکاف (لاہور، پاکستان) سے منہاج ٹی وی کے ذریعے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا خطاب دکھایا جا رہا ہے جبکہ نماز عصر کے بعد بارسلونا میں حافظ محمد معروف، لوگرونیو میں علامہ صفدر مجید قادری، بادالونا میں علامہ عبد الرشید شریفی اور اوسپتالیت میں حافظ محمد عابد معتکفین کی دینی تربیت کر رہے ہیں اس کے علاوہ معتکفین ہر روز صلوۃ التسبیح بھی اداء کرتے ہیں۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ بہت زیادہ افراد کی طرف سے اعتکاف بیٹھنے کی وجہ سے انتظامیہ نے قبل از وقت رجسٹریشن کی اور ہر مرکز کی گنجائش کے مطابق افراد کی تعداد مقرر کی گئی۔