اتوار 5 نومبرکو منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی مجلسِ شوریٰ کا ایک اہم اجلاس منہاج القرآن بارسلونا کے نئے مرکز میں انعقاد پذیر ہوا ۔
یہ اجلاس میاں برکات احمد صدر مجلسِ شوریٰ کی صدارت میں ہوا ، باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن کریم سے علامہ عبد الرشید شریفی نے کیا اور حاجی غلام حسین نے نعتِ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پیش کی۔صدرِ مجلسِ نے سب اراکینِ شوریٰ کو اجلاس میں آمد پر خوش آمدید کہا اور گفتگو کا آغاز ایجنڈے کے نکات کے مطابق کیا۔
نئے مرکز کی تعمیر اور اس کو مستقبل میں احسن طریقے سے چلانے پر گفت و شنید ہوئی ،مرکز کے باضابطہ افتتاح کے سلسلے میں سب ساتھیوں نے اپنی اپنی رائے کا اظہار کیا،محمد نوازکیانی نے مرکز میں اب تک ہونے والے کام سے سب ساتھیوں کوآگاہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ جو ساتھی اس نئے مرکز کے مضافات میں رہتے ہیں وہ یہاں اپنی باقاعدہ حاضری کو یقینی بناتے ہوئے اپنی خدمات پیش کریں تاکہ انتظامی امور کو بہتر طریقے سے چلایا جا سکے ۔ چوہدری نثار احمد کو شوریٰ کا رابطہ سیکریٹری اور قیصر محمودچیمہ کو ناظمِ مالیات مقرر کیا گیا۔
سب احباب نے سپین میں مشن کے کام اور دعوت کے عمل کو مزید تیزی سے چلانے کے لیے واضح حکمتِ عملی تیار کرنے پر زور دیا۔
آئندہ اجلاس کے لیے تاریخ کا تعین ہوا ور خصوصی دعا سے میٹنگ برخاست ہوئی ۔