منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے زیرِ اہتمام بارسلونا میں قائد ڈے بھرپور انداز میں منایا گیا ۔



ائدِ ملتِ اسلامیہ حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 56 سالگرہ کے موقع پر دنیا بھر میں تحریک ِمنہاج القرآن کے کارکنان و وابستگان نے خوشی کا اظہار کیا اور ان کی صحت کے لیے دعا کی ، اسی سلسلہ میں بارسلونا سپین میں بھی ایک پُروقار تقریب انعقاد پذیر ہوئی ،منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے نائب صدر مظہر حسین ، سیکریٹری جنرل محمد اقبال، صدر مجلسِ شوریٰ میاں برکات احمد کے علاوہ منہاج یوتھ لیگ کے نوجوانوں، منہاج چلڈرن لیگ کے نونہال ،جامع منہاج کے طلبہ اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کے وابستگان نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین (بارسلونا)کے نئے مرکز میں انعقاد پذیر اس پروگرام کی صدارت علامہ خان محمد چشتی نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی ہم وطن اخبار کے چیف ایڈیٹر جاوید مغل صاحب تھے ۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے قاری عبد الرحمان نے کیا، منہاج یوتھ لیگ کے محمد رمیض اور عاطف احتشام نے بارگاہِ رسالتمآب صلی اللہ علیہ وسلم میں ہدیہ عقیدت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی اور منہاج القرآن سپین کے ناظمِ لائبریری محمد قیصر چیمہ نے منہاج یوتھ لیگ سپین کے نوجوانوں کے ساتھ مل کر حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی شان میں مشہور ترانہ (ظلمتِ آفاق میں چمکے گا طاہر قادری) پیش کیا ۔




نقیبِ محفل ناظمِ نشر و اشاعت نوید اصغر نے استقبالیہ کلمات کے لیے منہاج القرآن سپین کے سیکریٹری جنرل محمد اقبال کو دعوت دی ، انہوں نے اپنی تقریر میں مہمانانِ گرامی اور سب حاضرین کو خوش آمدید کہا اور حضور شیخ الاسلام کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلا شبہ وہ پاکستان کی عوام کے نہیں بلکہ پورے عالمِ اسلام کے قائد ہیں، جب وہ عرب ممالک کے دورہ پر جاتے ہیں تو وہاں کے محدث اور بڑے بڑے شیوخ ان کے ہاتھوں کو بوسہ دینا اپنے لیے باعثِ سعادت سمجھتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانیوں میں یہ خرابی ہے کہ ہم کسی بھی عظیم شخص کو اس کے مرنے کے بعد پہچانتے ہیں اس کی زندہ مثال قائدِ اعظم محمد علی جناح ہیں ، انہوں نے کہا کہ ہمیں سنی سنائی باتوں پر یقین نہیں کرنا چاہیے بلکہ حقیقت کو تلاش کرنے کی کوشش کرنی چاہیے ۔



اس کے بعد منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی مجلسِ شوریٰ کے صدر میاں برکات احمد نے حضور کی احادیثِ مبارکہ " میری امت میں ہر صدی میں ایک مجدد آئے گا جو دین کی تجدید کرے گا "بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضور شیخ الاسلام موجودہ اسلامی صدی کے مجدد ہیں، ہمیں چاہیے کہ ان کا دست و بازو بن کر مصطفوی مشن کی منزل کو حاصل کرنے کے لیے ان کا ساتھ دیں ۔

منہاج القرآن سپین کے سابقہ صدر اور جامع منہاج کے پہلے امام علامہ خان محمد چشتی نے اپنے بیان میں کہا ہمارے لیے یہ خوش قسمتی کی بات ہے کہ ہمیں منہاج القرآن کا مشن نصیب ہوا ہے ، انہوں نے کہا کہ جب حضور شیخ الاسلام عرب ممالک میں تشریف لے جاتے ہیں اور وہاں کے شیوخ جس طرح قائدِ محترم کا ادب و احترام کرتے ہیں تو اس قائدِ محترم کے ایک عظیم ہستی ہونے میں کوئی شک باقی نہیں رہ جاتا، انہوں نے کہا دنیا بھر میں جس طرح منہاج القرآن کی تنظیمات کام کر رہی ہیں یہ صرف اسی قائد کے فیوض و برکات کی وجہ سے ہے ۔






پروگرام کے آخری مقرر محمد قیصر چیمہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قائدِ محترم وہ شخصیت ہیں جن کی پیدائش اور نام (محمد طاہر)کی بشارت خود رسول اللہ نے ڈاکٹر فرید الدین قادری کو دی تھی، انہوں نے کہا کہ قائدِ محترم کی زندگی ایک شمع کی ماند ہے جو خود تو جلتی ہے لیکن دوسروں کو روشنی دیتی ہے، ہمیں چاہیے کہ اس روشنی سے فائدہ اٹھائیں ،انہوں نے کہا کہ روزِ قیامت اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہم سے یہ سوال ہو سکتا ہے میں نے تم کو طاہر القادری کا زمانہ دیا تھا تم نے ان کا کتنا ساتھ دیا؟۔





پروگرام کے مہمانِ خصوصی ہم وطن ادارہ ہم وطن کے ڈائریکٹر کو دعوت خطاب دی گئی، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری شیخ الاسلام ہیں اور امتِ مسلمہ کا ایک عظیم سرمایہ ہیں ۔

تقاریر کے بعد ادارہ ہم وطن نے چیف اڈیٹر جاوید مغل، سیرین پروفیسر احمد،علامہ خان محمد چشتی اور قاری عبد الرزاق نقشبندی ، منہاج یوتھ لیگ اور منہاج چلڈرن لیگ نے قائدِ ملتِ اسلامیہ کی 56ویں سالگرہ کا کیک کاٹا ۔

نمازِ عشاءکے بعد 3000 مرتبہ درود شریف پڑھ کر حضور شیخ الاسلام کی صحت کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور اس تقریب کا اختتام ہوا ۔