منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کی جانب سے کراچی میں بم دھماکوں کی شدید مذمت کی گئی ہے ، منہاج القرآن بارسلونا کے ناظمِ نشر و اشاعت کے مطابق ان کی پوری تنظیم کی جانب سے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی ریلی پر بم دھماکے کی شدید مذمت کی گئی ہے اور حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیاگیا ہے کہ وہ اس واقع میں ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچائے ۔
منہاج القرآن بارسلونا کے سیکریٹری جنرل محمد اقبال چوہدری نے نظامتِ نشر و اشاعت سے اپنے ٹیلیفونک بیان میں کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذھب نہیں ہے اور یہ اسلام کے نام پر ایک دھبہ ہیں ، انہوں نے اس سانحہ میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثاءکے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں کیونکہ مرنے والے بھی ہمارے ہی بھائی اور بیٹے تھی، انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات حکومت کی نا اہلی کا ثبوت ہیں جب انتظامیہ کو اس بات کی اطلاع تھی کہ ایسا واقعہ پیش آ سکتا ہے تو پھر بھی وہ حفاظتی انتظامات کرنے میں ناکام رہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ سے پاکستان اور اسلام کے تصور کو نا قابلِ تلافی نقصان پہنچا ہے ، حکومت کو اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ کہیں پاکستان کے دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہ ہو جائیں ۔
منہاج القرآن بارسلونا کے دونوں مراکز میں نماز جمعہ کے اجتماع کے بعد اس سانحہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے دعائے مغرفت کی گئی اور ان کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا گیا ۔