گزشتہ دنوں منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس کے مرکز پر منہاج یورپین کونسل کا سالانہ اجلاس منعقد ہوا جس میں یورپ میں موجود منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سب تنظیمات کے نمائندوں نے شرکت کی جن میں سپین، فرانس، ناروی، ہالینڈ،بلجیئم، اٹلی، آسٹریا اور ڈنمارک شامل ہیں۔

میٹنگ کا آغاز تلاوتِ قرآن کریم سے ہالینڈ سے آئے ہوئے قاری محمد زبیر قادری نے کیا جس کے بعد اٹلی سے آئے ہوئے حاجی اعجاز احمد نے اپنے خوبصورت انداز میں نعتِ رسول مقبول پیش کی ۔

امیرِ تحریک منہاج القرآن یورپ علامہ حسن میر قادری نے اپنے استقبالیہ کلمات میں سب حاضرین کو یورپین کونسل کی میٹنگ میں خوش آمدید کہا اور بتایا کہ گزشتہ رمضان المبارک میں تحریک منہاج القرآن کے زیرِ انتظام حرمین شریفین کے بعد دنیائے اسلام کا سب سے بڑا شہرِ اعتکاف انعقاد پذیر ہوا جس میں چالیس ہزار کے قریب مرد و خواتین نے شرکت کی، اس اعتکاف کے اخراجات پورے کرنے کے لیے منہاج القرآن کے یورپ میں بسنے والے وابستگان نے اپنی تنظیمات کے ذریعے سب سے زیادہ تعاون کیا جس پر شیخ الاسلام اور مرکز کی طرف سے منہاج القرآن یورپ کی تمام تنظیمات کو خصوصی مبارک باد دی گئی ہی، اس دوران بتایا گیا کہ اعتکاف کے دوران شیخ الاسلام نے یورپ میں دعوتی اور تنظیمی خدمات پر علامہ حسن میر قادری کو تمغہ فریدِ ملت، فرانس سے تحریک کی مالی خدمات پر علامہ اقبال اعظم کو تمغہ امتیاز ، منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کو نئے سنٹر کی تعمیر پر خصوصی شیلڈ، منہاج القرآن ناروے ، منہاج القرآن اٹلی، منہاج القرآن یونان کو خصوصی شیلڈیں اور انفرادی خدمات پر تحریک منہاج القرآن یورپ کے دیگر عہدیداران کو تمغہ امتیاز سے نوازا ۔ علامہ حسن میر قادری نے اپنے استقبالیہ کلمات کے دوران منہاج یورپین کونسل کے سابقہ ذمہ داران کو مبارک باد بھی دی ۔

سیکریٹری جنرل منہاج یورپین کونسل علامہ اقبال اعظم نے شرکاءمیٹنگ کو ہر ملک کی طرف سے اعتکاف کے انتظامات کے لیے کی گئی خدمات کی تفصیلات بتائیں جس کے مطابق اٹلی پہلی، فرانس دوسرے اور سپین تیسرے نمبر پر رہا ۔ انہوں نے بتایا کہ اعتکاف سے قبل منہاج القرآن فرانس کی جانب سے اعتکاف گاہ کے اندر AC لگوائے گئی۔اس موقع پر علامہ حسن میر قادری نے کہا کہ ہر کسی نے ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی شہرِ اعتکاف میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے جس پر سب مبارک باد کے مستحق ہیں ۔

صدر یورپین کونسل سید ارشد شاہ نے بتایا کہ اس سال اعتکاف میں سینتیس ہزار سے زیادہ لوگوں نے شرکت کی اور مرکز کی رپورٹ کے مطابق روزانہ سحری اور افطاری پر قریباً 15 لاکھ روپے لاگت آئی، معتکفین کو ہر قسم کی سہولت فراہم کی گئی ۔

علامہ اقبال اعظم نے بقیہ میٹنگ کا ایجنڈا پیش کیا، جس کے مطابق سب سے پہلے تنظیمات سے ان کی کارکردگی کی رپورٹ لی گئی جس میں ہر ملک کے نمائندے نے اپنی تنظیم کی طرف سے گزشتہ سال کے دوران ہونے والی تحریکی سرگرمیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی، دوسرے مرحلے میں شرکاءکی جانب سے منہاج یورپین کونسل اوراس کے ماتحت تنظیمات کو پیش مشکلات بیان کی گئیں اور ان کے حل کے لیے تجاویز دی گئیں ، اس کے بعد آئندہ سال کے اہداف مقرر کئے گئے اور آخر میں منہاج القرآن کی بیرونِ ملک تنظیمات کے لیے مرکز کی جانب سے دیا گیا نظام العمل تقسیم کیا گیا ۔

میٹنگ کے آخر پر سب حاضرین نے اجلاس کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا اور منہاج القرآن فرانس کی تنظیم کو میزبانی کے فرائض احسن طریقے سے نبھانے پر خصوصی مبارک باد پیش کی اس موقعہ پر منہاج القرآن ڈنمارک کے سیکریٹری جنرل بلال مصطفوی نے منہاج یورپین کونسل کے آئندہ سال ہونے والے اجلاس کے لیے میزبانی کی پیشکش کی ، علامہ حسن میر قادری نے بتایا کہ اس طرح کا اجلاس سال میں ایک مرتبہ ہوا کرے گا اور یورپین کونسل کی تنظیمات کے مشورے کے بعد یہ طے کیا جائے گا کہ اجلاس کس ملک میں کیا جائے گا ۔

ساڑھے گیارہ گھنٹے طویل یہ اجلاس دن 2 بجے شروع ہوا اور رات 1:30 بجے تک جاری رہا ، اجلاس کے دوران نمازِ عصر، نمازِ مغرب اور نمازِ عشاءکے علاوہ کھانے کا مختصر وقفہ کیا گیا ۔نمازِ عشاءکے بعد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا ٹیلیفونک خطاب ہوا، انہوں نے منہاج یورپین کونسل کو کامیاب اجلاس کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی اور آئندہ سال کے اہداف کو پورا کرنے کے لیے خصوصی دعائیں دیں ۔

اجلاس کے دوران پاکستانی عوامی تحریک فرانس کے صدر راؤخلیل احمد نے بتایا کہ پاکستان میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جس پر شرکائے اجلاس نے حکومتِ پاکستان کے اس فیصلہ کی مذمت کی ۔اجلاس میں تحریکِ منہاج القرآن کے نائب ناظمِ اعلیٰ شیخ زاہد فیاض کے چچا کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی ۔