بارسلونا میں نمازِ عید الاضحی کے اجتماع کے سلسلے میں انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے گزشتہ روز منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں ایک اہم اجلاس انعقاد پذیر ہوا جس میں منہاج القرآن بارسلونا کے ذمہ داران اور منہاج یوتھ لیگ کے نوجوانوں کے علاوہ منہاج چلڈرن لیگ نے بھی شرکت کی ۔ اس اجلاس کی صدارت منہاج القرآن بارسلونا کے سیکریٹری جنرل محمد اقبال چوہدری نے کی۔
اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور نعت ِ رسول مقبول سے منہاج یوتھ لیگ کے محمد رضوان سلطانی نے کیا جس کے بعد عید کے دن انتظامات کی ذمہ داریاں تقسیم کی گئیں ۔
سیکورٹی کے لیے حسبِ سابق منہاج القرآن بارسلونا کے نائب صدر چوہدری پرویز اختر کی قیادت میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں منہاج یوتھ لیگ کے احسن جاوید، کامران اکرم، محمد آصف، محمد رضوان اور محمد شفیق شامل ہیں ۔صحافیوں سے گفتگو کے لیے راقم (نوید اصغر)، محمد عتیق اور خرم شبیر کا نام تجویز کیا گیا ۔ اسپورٹس ہال کے اندرونی معاملات کے کنٹرول کے لیے جو کمیٹی تشکیل دی گئی اس میں منہاج القرآن بارسلونا اور منہاج یوتھ لیگ کے نوجوانون شامل ہیں ۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ اسپورٹس ہال میں قالین عید کے ایک دن پہلے ہی پہنچا دیے جائیں گے تاکہ عید کے دن کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے ۔اس کے علاوہ عید کے دن ہال میں داخل ہونے والے افراد کو جوتے رکھنے کے لئے ایک شاپر دیا جائے گا تاکہ نمازِ عید کے بعد ہال سے نکلتے وقت آسانی رہے ۔