سفیرِ امن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 57 ویں سالگرہ کے موقع پر جہاں دنیا بھر میں تحریک منہاج القرآن کے کارکنان و وابستگان اپنے عظیم قائد کی سالگرہ منا رہے ہیں وہاں منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے زیرِ انتظام منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں بھی17 فروری بروزاتوارکو ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں منہاج القرآن بارسلونا، منہاج ویمن لیگ، منہاج یوتھ لیگ، منہاج کرکٹ کلب اورمنہاج چلڈرن لیگ کے علاوہ درجنوں وابستگان نے شرکت کی۔

شیخ الاسلام کی سالگرہ کے سلسلے میں انعقاد پذیر اس خصوصی تقریب کا آغاز صحیفہ ہدایت کی مبارک آیات سے محترم قاری محمد عابد نقشبندی نے کیا جس کے بعد محترم مرزا اصغر بیگ نے آقائے دوجہاں کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت پیش کیا ، منہاج القرآن سکول کے طلبہ کے گروپ نے اپنے خوبصورت انداز میں شیخ الاسلام کی شان میں لکھا گیا ترانہ پیش کیا جس کو حاضرین نے بہت پسند کیا ۔

امیر منہاج القرآن بارسلونا علامہ عبد الرشید شریفی نے ابتدائی کلمات کہے جس کے بعد تقریب کے مقررین نے شیخ الاسلام کی طرف سے امتِ مسلمہ کے لیے کیے گئے تجدیدی کام کی تعریف کی اور ان کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ، مقررین میںمحترم علامہ خان محمد چشتی(امامِ اول منہاج القرآن بارسلونا)، محترم خالد شہباز چوہان(صدر پاک کتلان ایسوسی ایشن) ، محترم جاوید مغل (ڈائریکٹر اخبار ہم وطن سپین)، محترم محمد اقبال چوہدری (ناظم شعبہ تعلقاتِ عامہ منہاج القرآن بارسلونا) اور محترمہ صغریٰ بی بی (بادالونا)شامل تھیں۔

علامہ خان محمد چشتی نے کہا کہ شیخ الاسلام ایسی شخصیت ہیں جنہیں نہ صرف پاکستان بلکہ عرب و عجم میں بھی جانا اور پہچانا جاتا ہے اور لوگ ان کو اور ان کے تجدیدی کام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ان کی بنائی ہوئی تحریک آج دنیا کے 100 سے زائد ممالک میں انسانیت کی فلاح و بہبود اور اسلام کی سربلندی کے لیے کام کر رہی ہی، محترم خالد شہباز چوہان نے منہاج القرآن بارسلونا کے کام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن کو وہ 8 سال سے جانتے ہیں اور ہمیشہ اس مشن سے لوگوں کو فائدہ حاصل کرتے ہوئے ہی دیکھتے آ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ انہوں نے یورپ میں بہت سی جگہوں پر منہاج القرآن کے کام کو دیکھا ہے اور وہ منہاج القرآن کو اس بات پر مبارک باد پیش کرتے ہیں ، انہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے تجدیدی کام کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے آج امت کو ایسے قائد کی ہی ضرورت ہی، محترم جاوید مغل نے اپنی تقریر میں بتایا کہ وہ منہاج القرآن کے آغاز کے وقت سے ہی شیخ الاسلام اور منہاج القرآن کو جانتے ہیں، انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن نے امتِ مسلمہ کو علم کی دولت سے دوبارہ آراستہ کرنے کے لیے منہاج یونیورسٹی کی بنیاد رکھی جو کہ عالم کفر کی بڑی بڑی یونیورسٹیوں کا مقابلہ کر نے کی طاقت رکھتی ہی، انہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے ترجمۃ القرآن عرفان القرآن کی بھی تعریف کی اور کہا کہ عرفان القرآن ترجمہ بہت ہی آسان اور عام فہم ہے جس سے نوجوان نسل کو بہت فائدہ ہوا ہے ۔ محترم محمد اقبال چوہدری نے اپنی تقریر میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ ہم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری جیسی عظیم المرتبت شخصیت کے دور میں ہیں وہ شخصیت جو اسلام کی طرف اچھالے جانے والے غلط پراپیگنڈہ کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہی، انہوں نے کہا وہ بہت ہی بدقسمت لوگ ہیں جو ایسی عظیم شخصیات کی مخالفت میں اپنی توانائیاں ضائع کرتے ہیں اورجب وہ اس دنیا سے چلے جاتے ہیں تو انہی کے قصیدے پڑھنے شروع کر دیتے ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ بھی آغاز میں کچھ ایسی ہی غلط فہمیوں کا شکارتھے لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے وہ اب اس عظیم مشن کا حصہ ہیں،انہوں نے منہاج القرآن بارسلونا کی تاریخ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ بارسلونا میں اس مشن کی بنیاد 1996 میں رکھی گئی تھی اور آج بارسلونا سنٹر میں ہی 2 مراکز اہلِ پاکستان کی خدمت میں کام کر رہے ہیں ۔محترمہ صغریٰ بی بی نے بھی شیخ الاسلام اور منہاج القران کے کام کی تعریف کی اور قائدِ ملت اسلامیہ کی سالگرہ پر ان کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم قائد کے پیغام کو گھر گھر تک پہنچائیں تاکہ یہ مشن اپنی منزل تک پہنچ سکے ۔

محفل کے مہمانِ خصوصی ناظم دعوت منہاج القرآن انٹرنیشنل علامہ محمد ادریس رانا کو دعوتِ خطاب دی گئی جنہوں نے اپنی بات کا آغاز قرآن کریم کی آیات سے کیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اس نے آج ہمیں اس بابرکت تقریب میں آنے کی صلاحیت عطا کی ، انہوں نے سب کو شیخ الاسلام کی سالگرہ کی مبارک باد پیش کی ،انہوں نے قرآن کریم کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ شیخ الاسلام ایسی شخصیت ہیں جن کو اللہ تعالیٰ نے نور بانٹنے پر مامور کیا ہے اور ہمیں چاہیے کہ ہم اس نور کو حاصل کر کے اس سے فائدہ اٹھائیں، انہوں نے شیخ الاسلام کے تجدیدی کام پر تفصیل سے روشنی ڈالی، انہوں نے کہا کہ ایسی شخصیات صدیوں بعد اس دنیا میں آتیں ہیں ، انہوں نے بتایا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری موجودہ صدی کے مجدد ہیں ، انہوں نے کہا کہ اس موقع پر انہیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ گزشتہ ایک ہفتہ میں بارسلونا اور اس کے مضافات کے 100 سے زائد لوگوں نے تحریک منہاج القرآن میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے اس کی لائف ممبر شپ حاصل کی ہے ۔

نمازِ مغرب کی ادائیگی کے بعد منہاج القرآن بارسلونا کے ناظم تعلقات عامہ محترم محمد اقبال چوہدری نے اس تقریب میں شرکت کرنے والی تنظیمات کے سربراہان کا شکریہ ادا کیا ، علامہ عبد الرشید شریفی نے حاضرین کو بتایا کہ گزشتہ اعتکاف کے موقع پر شیخ الاسلام نے منہاج القرآن سپین کو احسن کارکردگی پر خصوصی شیلڈ سے نوازا جو کہ اس وقت کے صدرِ مجلسِ شوریٰ میاں برکات احمد نے وصول کی ۔ اس موقع پر میاں برکات احمد نے وہ شیلڈ صدر منہاج القرآن بارسلونا، محترم حاجی مظہر حسین کے حوالے کی ۔

تقریب کے اختتام سے قبل شیخ الاسلام کے فرزند ارجمند صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے اپنے ٹیلیفونک خطاب میں منہاج القرآن بارسلونا کے قائدین کو اس تقریب کے اہتمام پر خصوصی مبارک باد پیش کی ، انہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے امتِ مسلمہ کے لیے تجدیدی کاموں پر روشنی ڈالی اور کہا ہم خوش قسمت ہیں جو ایسی عظیم شخصیت کی سالگرہ کے موقع پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں، انہوں علامہ حسن میر قادری اور علامہ محمد ادریس رانا کے سپین کے دعوتی و تنظیمی دوروں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے سپین میں تحریک کا پیغام بہت اچھے طریقہ سے پہنچا ہے، انہوں نے کہا کہ انبیاءکرام کے بعد امتِ مسلمہ کی اصلاح کے لیے اللہ تعالیٰ نے ہر صدی میں ایک عظیم شخصیت ہو پیدا فرمایا جو کہ اس صدی میں موجود مسائل کا حل فرماتی ہے اور شیخ الاسلام اس صدی کے مجدد ہیں، جو ماڈرن دور کے تقاضوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے امتِ مسلمہ کی رہنمائی فرما رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم شیخ الاسلام کے دست و بازو بن کر مصطفوی انقلاب کی منزل کے حصول کے لیے کوشاں ہو جائیں ۔

صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کے خطاب کے بعد 8 کلو گرام کے 2 کیک کاٹے گئے جن کے اوپر چاکلیٹ سے "تو سلامت رہے تاقیامت رہی"کی عبارت لکھی ہوئی تھی۔منہاج یوتھ لیگ سپین کے نوجوانوں نے اس موقع پر سب حاضرین میں کیک اور مٹھائی تقسیم کی ۔

تقریب کے دوران منہاج اچلڈرن لیگ اور منہاج یوتھ لیگ سپین کی طرف سے زبر دست نعرے بازی کی گئی، تقریب میں خواتین کی حاضری دیدنی تھی ، منہاج یوتھ لیگ سپین کے تقریب کے تمام انتظامات کو احسن طریقہ سے سر انجام دیا، اس موقع پر منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا کے دیواروں‌ پر مبارک باد کے پیغامات بھی آویزاں کیے گئے اور لائبریری کی جانب سے شیخ الاسلام کے خطابات پر مبنی سٹال بھی لگایا گیا۔