گزشتہ اتوار (23 مارچ )کو جامع مسجد منہاج القرآن بارسلونا میں حاجی مظہر حسین کی زیرِ صدارت منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کی مرکزی مجلس عاملہ کا ہفتہ وار اجلاس انعقاد پذیر ہوا جس میں سالانہ محفلِ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے انتظامات کوحتمی شکل دی گئی، اس اجلاس میں منہاج القرآن بارسلونا کے مرکزی ذمہ داران نے شرکت کی اور میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سالانہ محفل کے انعقاد کے بارے مشاورت کی ۔
اجلاس میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پروگرام کی ترتیب طے کی گئی جس کے مطابق پانچ بجے تلاوتِ قرآن کریم سے محفل کا آغاز ہو گا جس کے بعد مختصر محفل نعت ہو گی جس میں بارسلونا کے نامور نعت خواں آقا ءدوجہاں صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت پیش کریں گے محفل نعت کے اختتام پر PTV کے معروف نعت خوان اور منہاج نعت کونسل بارسلونا کے رکن محمد قدیر احمد خان منہاج القرآن بارسلونا کے طلبہ کے ہمراہ اپنے منفرد انداز میں ہدیہ نعت پیش کریں گے 6:15 پر نماز عصر باجماعت ادا کی جائے گی جس کے فوراً بعد علامہ ظہیر احمد نقشبندی (مرکزی نائب ناظم دعوت و تربیت منہاج القرآن انٹرنیشنل)کا خطاب ہو گا جس کے بعد عمرہ کوپن کے لیے قرعہ اندازی کی جائے گی محفل کا اختتام درود و سلام اور ضیافتِ میلاسے کیا جائے گا۔
منہاج القرآن بارسلونا کے ناظم تعلقاتِ عامہ محمد اقبال چوہدری نے اجلاس کو بتایا کہ اس محفل میں حسب سابق اسپورٹس ہال کے اندر خواتین کے لیے الگ انتظام ہو گا، خواتین اسپورٹس ہال کے ایمرجنسی دروازوں سے داخل ہونگی ، انہوں نے بتایا کہ اسپورٹس ہال کو خوبصورت بینرز اور سٹیج سے سجایا جائے گا، منہاج یوتھ لیگ سپین کی نظامتِ پروڈکشن کی جانب سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی VCDsپر مشتمل اسٹال بھی لگایا جائے گا ۔
اجلاس میں سیکریٹری جنرل نوید احمد اندلسی نے بتایا کہ منہاج یوتھ لیگ سپین کے تعاون سے بارسلونا سنٹر میں محفل میلا د النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی بھرپور تشہیر جاری ہے اور نوجوان اس کام کو احسن طریقہ سے سر انجام دے رہے ہیں اس کے علاوہ انٹرنیٹ پربھی اس محفل کی تشہیر کا کام جاری ہے جہاں جذبہ انٹرنیشنل، میزبان اور گجرات لنک جیسے آن لائن اخبارات کے تعاون سے اس محفل کی خبر عوام تک پہنچائی جا رہی ہے ۔
اس اجلاس میں حاجی مظہر حسین، چوہدری محمد رمضان، محمد نواز کیانی، نوید احمد اندلسی، محمد اقبال چوہدری، حاجی محمد نذیر اداسی، شاہین ملک، محمد عتیق الرحمان، محمد ارشد نواز، ارشد محمود قاری عبد الرحمان ا ور حاجی لیاقت علی نے شرکت کی ۔
یاد رہے کہ منہاج القرآن بارسلونا کے تحت سالانہ محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا انعقاد ہر سال کیا جاتا ہے اور یہ اس سلسلے کا 12ہواں سال ہو گا ، میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے اس اجتماع میں گزشتہ سال 1500 سے زائد افراد نے شرکت کی تھی ۔