تحریک منہاج القرآن کی مرکزی سپریم کونسل کے صدر صاحبزادہ حسن محی الدین قادری اور تحریک منہاج القرآن کے مرکزی نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض کے دورہ بارسلونا(سپین) کے موقع پر 11جون بروز جمعہ بارسلونا، سپین کے معروف پاکستانی ریسٹورنٹ عادل تندوری پر مقامی پاکستانی صحافیوں سے ملاقات کا اہتمام کیا گیا جس میں سپین اور کاتالونیا کی حکمران جماعت PSCکے نمائندہ Jose Maria Salaاور حکومت پاکستان کے ادارہ برائے بین المذھبی ہم آہنگی NPCIHکے نمائندہ برائے یورپی یونین جاوید اقبال گل نے بھی خصوصی شرکت کی ۔
ناشتہ کی اس تقریب میں حافظ عبد الرزاق (چیف ایڈیٹر ڈیلی میزبان و چیئر مین پاکستان پریس کلب سپین)،غفور احمد قریشی(صدر پاکستان پریس کلب سپین)، ظفر اقبال حسن(نمائندہ خصوصی NNI)، شفقت علی رضاء (چیف ایڈیٹر پاک نیوز )، ارشد نذیر ساحل(ڈپٹی ایڈیٹر ہم وطن)، راجا شفیق الرحمان(ڈائریکٹر ریڈیو پاکسلونا)، شوکت اسلام چوہان(نمائندہ گجرات لنک و سیکریٹری جنرل پاکستان پریس کلب سپین)، شاہد احمد شاہد (سابقہ بیورو چیف جذبہ انٹرنیشنل)، حق نواز چوہدری(چیف ایڈیٹر کشمیر ویو)، راجا مشرف(نمائندہ جذبہ انٹرنیشنل)، ڈاکٹر قمر احسان (چیف ایڈیٹر ڈیلی دوست)اور قاری رفاقت علی (چیف ایڈیٹر ہفت روزہ دیس پردیس)نے شرکت کی ۔اس موقع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا اور منہاج یوتھ لیگ سپین کے ایگزیکٹو ممبران بھی موجود تھے ۔
پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ڈائریکٹر عادل تندوری ریسٹورنٹ الحاج قاری عبد الرحمان نے کیا اور منہاج مصالحتی کونسل سپین کے صدر محمد اقبال چوہدری نے تمام صحافیوں کا تعارف کروایا جس کے بعد صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے صحافیوں کے مختلف سوالات کے تفصیلی جوابات دیئے ۔ ایک سوال کے جواب میں صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے دہشت گردی کے خلاف شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی طرف سے جاری کردہ فتویٰ کی روشنی میں بتایا کہ حاکم وقت جب تک اعلانیہ کفر کا اعلان نہ کرے اس وقت تک اس کے خلاف عسکری کوشش کرنا خلاف شریعت عمل ہے ، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کی تعلیم و تربیت کے لیے خصوصی کوشش کرنی چاہیے کیونکہ وہ ہمارا مستقبل ہیں ، اور ہمیں انہیں نہ صرف دینی بلکہ سائنس اور ٹیکنالوجی کی تعلیم پر زور دینا ہو گا ۔