منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین نے بارسلونا، لوگرونیو اور بادالونا کے بعد اب اوسپتالیت میں بھی مسجد بنانے کے لیے جگہ حاصل کر لی ہے ، یہ جگہ 380مربع میٹر پر مشتمل ہے اور میٹرو لائن 5کے سٹاپ Collblancکے بالکل قریب واقع ہے ۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ممبران مجلس شوریٰ و ایگزیکٹو اور تمام فورمز کے عہدیداران نے محمد اقبال چوہدری (صدر منہاج مصالحتی کونسل سپین) اور حاجی زاہد اختر زاہدی (کوارڈینیٹر اوسپتالیت )کواس عظیم کارنامے پرمبارک باد پیش کی ۔
سرکاری اعدا و شمار کے مطابق عربی (مراکشی و الجزائری)مسلمانوں کے علاوہ اوسپتالیت میں 3000سے زائد پاکستانی آباد ہیں جن میں فیملیز کی تعداد بھی بہت زیادہ ہے لیکن اب تک وہاں کوئی مسجد یا اسلامی مرکز موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کو کافی عرصہ سے اوسپتالیت میں رہنے والے منہاج القرآن کے ممبران اور پاکستانی کیمونٹی کی طرف سے اس بات کی درخواست موصول ہوتی رہی کہ وہاں منہاج القرآن اپنا سنٹر (مرکز)قائم کرے ۔
منہاج مصالحتی کونسل سپین کے صدر محمد اقبال چوہدری اور کوارڈینیٹر اوسپتالیت حاجی زاہد اختر زاہدی کے مطابق مسجد کا تعمیراتی کام جلد شروع کر دیا جائے گا جس کی تکمیل کے بعد وہاں منہاج القرآن کے دیگر مراکز کی طرح نماز پنجگانہ کے ساتھ ساتھ، بچوں، نوجوانوں اور خواتین کی تعلیم و تربیت کا اہتمام بھی کیا جائے گا او ر اسلامی کتب پر مبنی لائبریری بھی قائم کی جائے گی ۔