2مارچ 2014ء بروز اتوار منہاج یورپین کونسل کی زیر نگرانی منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین (بارسلونا) کےعہدیداران کے لیے منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں ایک اہم تربیتی ورکشاپ منعقد کی گئی جس میں ایک روز قبل منتخب ہونےوالےتمام عہدیداران نےشرکت کی۔
تربیتی ورکشاپ میں منہاج یورپین کونسل کے صدر چوہدری محمد اعجاز وڑائچ اور سیکریٹری جنرل محمد بلال اپل نے نومنتخب ذمہ داران کو مختلف تنظیمی امور میں مسائل کےحل، بامقصد میٹنگز کا طریقہ کار، اوصافِ قیادت اور دیگر تحریکی معاملات میں رہنمائی فراہم کی۔ اس موقع پر تربیت کےلیے مختلف عنوانات و موضوعات پر فرضی و علامتی میٹنگز کے ذریعے عام طور پر ہونے والی غلطیوں کی نشاندہی کی گئی۔
اس تربیتی ورکشاپ میں منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین (بارسلونا) اور ذیلی فورمز یعنی منہاج یوتھ لیگ سپین، منہاج ویمن لیگ سپین اور منہاج مصالحتی کونسل سپین کےعہدیداران نےسال 2014/2015 کے لیے اپنے اہداف کا تعین بھی کیا جن میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب کا ہسپانوی زبان میں ترجمہ، مقامی ماحول میں مسلمان نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سےبچانےاور دین کےقریب لانے کے لیے حکمت عملی ترتیب دینا، غیر مسلموں میں اسلام کےبارے پائی جانے والی غلط فہمیوں کا ازالہ کرتےہوئےدین اسلام کا حقیقی پیغام ہر ایک تک پہنچانا، تحریکی وابستگان کو کارکنان بنانا، ممبران کی تعداد میں اضافہ کرنا، سپین میں رہنے والے پاکستانیوں کے لیے بیداریٔ شعور کی مہم اور پاکستان میں حقیقی تبدیلی کےحصول کے لیے بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کرنا شامل ہیں۔
رپورٹ: محمد وقاص راجہ
سیکریٹری میڈیا
منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین ، بارسلونا