15جون بروز پیر کو تحریک منہاج القرآن کے مرکزی ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے سپین کے علاقے کتالونیا کی Directora General d'Afers Religiosos ڈائریکٹر جنرل برائے مذھبی امور محترمہ Montserrat Coll سے ملاقات کی، حکومت کتالونیا کے Departament de Presidencia کے دفتر میں ہونے والی اس ملاقات میں منہاج یورپین کونسل کے سینئر نائب صدر محمد نعیم چوہدری، سیکریٹری جنرل علامہ محمد اقبال اعظم، منہاج القرآن سپین کے سرپرست محمد نواز کیانی، سیکریٹری جنرل نوید احمد اندلسی، صدر مصالحتی کونسل محمد اقبال چوہدری، ظل حسن اور ممبر یوتھ لیگ خرم شبیر شامل تھے، اس کے علاوہ ڈائریکشن جنرل برائے مذھبی امور کے سیکریٹری Agusti بھی موجود تھے ۔

منہاج مصالحتی کونسل کے صدر محمد اقبال چوہدری نے مذھبی امور کی ڈائریکٹر کو تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ اور یورپی قائدین کا تعارف کرانے کے بعد منہاج القرآن کی سپین، پاکستان اور دنیا بھر میں فلاحی و رفاعی سرگرمیوں کے بارے معلومات دیں، ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے بھی مرکز منہاج القرآن اور دنیا بھر میں جاری منہاج القرآن کے منصوبہ جات اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا تفصیلی تعارف کرایا، ناظم اعلیٰ نے بتایا کہ جولائی کے مہینے میں ہم اٹلی کے شہر میلان کے اندر یورپ میں موجود پاکستانیوں کے لیے Peace and Integration کے نام سی3 روزہ تربیتی کیمپ کا انعقاد بھی کر رہے ہیں اس کے بعد محمد نعیم چوہدری نے فرنچ زبان میں منہاج القرآن فرانس کی مختلف سرگرمیوں کے متعلق بتایا اور مذھبی امور کی ڈائریکٹر کو منہاج القرآن فرانس کے مرکز پر آنے کی دعوت بھی دی ۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کا اظہار کیا کہ آج دنیا میں اسلام کے نام پر جو دہشت گردی ہو رہی ہے اس مقصد کا اسلام اور مسلمانوں کو بدنام کرنا ہے، اسلام کسی بے گناہ انسان کو قتل کرنے کی اجازت نہیں دیتااورآج ہم سب کو مل کر دنیا میں امن قائم کرنے کی کوشش کرنی چاہئے، محترمہ Montserrat Coll نے ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کو بتایا کہ وہ منہاج القرآن بارسلونا کی سرگرمیوں سے باخبر رہتی ہیں اور وہ اس تنظیم کے کام سے مطمئن ہیں، منہاج القرآن بارسلونا نے بین المذھبی اور بین الثقافتی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے جو اقدامات کیے ہیں وہ مثالی حیثیت کے حامل ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس سال 2 مرتبہ کتالونیا کے صدر منہاج القرآن بارسلونا کی دعوت پر پاکستانی کیمونٹی کی تقریبات میں شرکت کر چکے ہیں اور ان میں سے ایک تقریب کا انعقاد منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں ہوا تھاجس میں کتالونیا بھر کی مساجد کے امام بھی شریک ہوئے تھے۔