پروگرام اورمقاصد :22 اکتوبر بروز جمعرات شام 6:45 پر منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں کھلے دروازوں کے ہفتہ (Open Door Session ) کے افتتاح کے سلسلے میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے زیر اہتمام ہر سال 3 مرتبہ ایسے Sessions کا باقائدہ انعقاد کیا جاتا ہے ، جس کے دوران ہر مذھب و قوم سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے مسجد کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں، ایسے پروگرمز کا مقصد مقامی لوگوں کو اسلام اور مسلمانوں کے بارے درست معلومات فراہم کرنا ہے، ان پروگرمز و تقریبات میں منہاج یوتھ لیگ سپین کے نوجوان ہسپانوی و کاتالان زبان میں مقامی لوگوں کو دین اسلام اور پاکستان کے متعلق معلومات دیتے ہیں اور ان کے مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہیں۔ منہاج القرآن بارسلونا کی ذیلی تنظیم منہاج مصالحتی کونسل کی طرف سے ایسے پروگرامز میں مقامی حکومتی عہدیداران، سیاسی پارٹیوں کے نمائندگان ، پولیس آفیسرز، مقامی سماجی و معاشرتی تنظیمات کے نمائندگان، دیگر مذاہب کی عبادت گاہوں کے سربراہان، یونیورسٹی وکالجز کے پروفیسرز اور زندگی کے دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو مدعو کیا جاتا ہے ۔
شرکاء ،ہسپانوی:اس خصوصی نوعیت کی حامل تقریب میں مہمانِ خصوصی کاتالونیا کے نائب صدر Josep-Lluis Carod Rovira جبکہ دیگر مہمانوں میں Montserrat Coll (ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور ، حکومت کاتالونیا) ، Agusti Iglesias ( سیکریٹری مذھبی امور ، حکومت کاتالونیا)، Jose Maria Sala (ناظم تنظیمات ، سوشلسٹ پارٹی کاتالونیا)Anguita (نمائندہ یہودی کیمونٹی)، Angel Colom ( رہنماء CiU اپوازیشن پارٹی کاتالونیا ) ، Merc232 Homs (CiU اپوازیشن پارٹی کاتالونیا)، Jordi Lopez (سابق DG مذہبی امور)، Miquel Ribero (سیکریٹری PSC بارسلونا) ، Paco Salvador (نائب صدر سٹی کونسل بارسلونا)، محمد یوسف (سربراہ کاتالان مسلم تنظیم)، صدارتی پروٹوکول عملہ اور دیگر نے شرکت کی ۔ اس موقع پر مقامی اخبارات اور ٹیلی ویژنز کے نمائندگان بھی کثیر تعداد میں موجود تھے ۔
شرکاء ،پاکستانی:پاکستانی کیمونٹی کی طرف سے قونصلر جنرل برائے بارسلونا ایاز حسین سید کی خصوصی شرکت کے علاوہ مختلف تنظیمات ، پارٹیز اور صحافت سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی جن میں راجا شعیب ستی (صدر پاکستان فیڈریشن )، خالد شہباز چوہان (ترجمان پاک فیڈریشن)، محمد نواز عطاری ( امام دعوت اسلامی)، جاوید مغل (چیف ایڈیٹر ہم وطن)، حافظ عبد الرزاق صادق (چیئر مین پاکستان پریس کلب)، شفقت علی رضاء ( چیف ایڈیٹر پاک نیوز )،چوہدری محمد عامر سیال (رہنماء مسلمان کاتالان ایسوسی ایشن)، ظفر اقبال حسن (نمائندہNNA )،الحاج قاری عبد الرحمان(ڈائریکٹر عادل تندوری ریسٹورنٹ)، فیض اللہ ساہی (سابق صدر پاک فیڈریشن)، حق نواز چوہدری (اخبار دیس پردیس) ، ظفر الیاس قریشی (اخبار دیس پردیس) اور دیگر شامل ہیں ۔
شرکاء، میزبان: منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے تمام شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین نے اس پروگرام میں شرکت کی جن میں محمد نواز کیانی(سرپرست)، علامہ عبد الرشید شریفی ( امیر تحریک)، مرزا محمد اکرم بیگ(نائب صدر)، نوید احمد اندلسی (سیکریٹری جنرل)، محمد اقبال چوہدری (صدر مصالحتی کونسل)، حاجی محمد نذیر اداسی (ممبر مصالحتی کونسل)،علامہ محمد عرفان رضاء(خطیب منہاج القرآن بارسلونا)، علامہ محمد عابد نقشبندی (امام منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا)، یوسف بلال مصطفوی (آفس سیکریٹری)، محمد آصف قادری (ناظم دعوت یوتھ لیگ )، اسلام حسین(نائب صدر یوتھ لیگ)، زاہد انور(نائب ناظم یوتھ لیگ)، محمد عثمان، ذیشان علی، وقاص علی (منہاج یوتھ لیگ سپین)، محترمہ صفیہ شبیر (صدر ویمن لیگ)، محترمہ صغریٰ انصر (ممبر مصالحتی کونسل)،دیگر ممبران منہاج القرآن بارسلونا اور طلبہ و طالبات شامل ہیں۔
استقبال : منہاج القرآن بارسلونا کے اراکین اور منہاج یوتھ لیگ کے نوجوانوں کی طرف سے منہاج اسلامک سنٹر کے بیرونی دروازے پر تمام مہمانوں کا استقبال کیا گیا ، نائب صدر کاتالونیا اور ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور کی آمد پر علامہ عبد الرشید شریفی اور محمد اقبال چوہدری نے انہیں پھول پیش کیے ۔ داخلی راستہ پر کھڑے منہاج القرآن بارسلونا کے اراکین اور دیگر تنظیمات کے ممبران سے مصافحہ کرتے ہوئے ان کو سٹیج تک لایا گیا ۔
ترتیب پروگرام : پروگرام کا آغاز نماز مغرب کی ادائیگی کے بعد تلاوت قرآن کریم سے کیا گیا جس کی سعادت جامع مسجد منہاج القرآن بارسلونا کے ننھے منھے طالب علم صہیب شبیر نے حاصل کی جس کے بعد منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا کی طالبہ مصباح یوسف نے صحیفہ ہدایت کی آیات کا کاتالان زبان میں ترجمہ کیا ۔ منہاج یوتھ لیگ سپین کے معاون لائبریری محمد عثمان نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی لکھی ہوئی مشہور زمانہ نظم بچے کی دعا (لب پہ آتی ہے ) کا کاتالان زبان میں ترجمہ پیش کیا ۔نظامت(سٹیج سیکریٹری )کے فرائض صدر مصالحتی کونسل محمد اقبال چوہدری نے سر انجام دیے ۔
تقاریر : *)منہاج مصالحتی کونسل کے صدر محمد اقبال چوہدری نے استقبالیہ کلمات کہے اور Open Door Session (کھلے دروازوں کا سیشن) کے انعقاد کا مقصد بتایا اور منہاج القرآن بارسلونا کا مختصر تعارف کرایا۔
*)قونصلر جنرل برائے بارسلونا ایاز حسین سید نے اپنی گفتگو میں کہا کہ مسجد مسلمانوں کے لیے نہ صرف اپنے رب کے سامنے سجدہ کرنے کی جگہ ہے بلکہ یہ معاشرے کو درپیش ہر قسم کے مسائل کا حل تلاش کرنے کی جگہ بھی ہے ۔ مسلمانوں کے نبی ﷺ کی سنت کے مطابق مسجد تمام لوگوں کے لیے کھلی ہوتی ہے چاہے ہو کسی بھی ثقافت یا مذہب سے تعلق رکھتے ہوں۔ انہوں نے مذاہب کے درمیان بات چیت (ڈائیلاگ) کے ذریعے نہ صرف دوسرے مذاہب کو سمجھنے کی مدد ملتی ہے بلکہ ان میں موجود مشترکہ چیزوں کو اپنانے کا بھی موقع ملتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سپین وہ سرزمین ہے جہاں تاریخی طور پر تینوں بڑے مذاہب رہتے رہے ہیں ، ہمارے دین کے مطابق کوئی بھی مسلمان اس وقت تک مسلمان نہیں کہلا سکتا جب تک وہ حضرت عیسی ؑ سمیت دیگر انبیاء کرام کی نبوت پر ایمان نہ لائے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دنیا کا کوئی بھی مذہب دہشت گردی کی تعلیم نہیں دیتا بلکہ مذاہب ہوتے ہی پیار و محبت کا سبق دینے کے لیے ہیں اور دین اسلام میں اپنے پڑوسی کے حقوق کا خیال رکھنے اور اس کو کسی بھی قسم کی تکلیف نہ پہنچانے کاحکم دیا گیا ہے اور اس کے لیے مذھب کی کوئی قید نہیں ۔ انہوں نے اپنی گفتگو کے آخر میں مسلمان اور بالخصوص پاکستانی کیمونٹی کو سہولتیں فراہم کرنے پر کاتالونیا کی حکومت کا شکریہ اداء کیا ۔ انہوں نے اس بات کی امید بھی ظاہر کی کہ اس طرح کی تقریبات کا انعقاد ہمیشہ ہوتا رہے گا تاکہ ہم ایک دوسرے کو سمجھ سکیں۔نوید احمد اندلسی نے قونصلر جنرل کی تقریر کا کاتالان زبان میں ترجمہ کیا ۔
*)نائب صدر کاتالونیا نے اپنے خطاب کا آغاز اردو زبان میں یہ الفاظ کہتے ہوئے کیا "السلام علیکم ، منہاج القرآن بارسلونا کو اوپن ڈور سیشن کی اس تقریب پر مبارک باد ، شکریہ" ۔ اس کے بعد انہوں نے کاتالونیا میں مذاہب کی تاریخ بیان کرتے ہوئے کہا کہ کاتالونیا بین مذہبی ڈائیلاگ کو فروغ دینے کے لیے دنیا بھر میں ایک اہم مقام رکھتا ہے ،انہوں نے کہا کہ کچھ دہائیاں قبل کاتالونیا میں مسلمانوں کی بہت زیادہ آبادی نہیں تھی لیکن ان چند سالوں کے اندر دنیا کے بہت سے مقامات سے مختلف ثقافتوں اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے "نئے کاتالان"یہاں آ کر آباد ہوئے ہیں اور کاتالونیا کی حکومت اپنے مذہبی امور کے شعبہ کے ذریعے مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن بارسلونا نے کھلے دروازوں کا سیشن منعقد کر کے کاتالونیا کی بین المذہبی ڈائیلاگ کو فروغ دینے کی تاریخ میں اہم کام کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ذرائع ابلاغ عالمی سطح پر اسلام کے بارے بہت غلط پراپیگنڈا کر رہے ہیں لیکن کاتالونیا میں ہم کسی کو ایسا نہیں کرنے دیں گے ہم شدت پسندی اور اانتہا پسندی کے بہت خلاف ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بقائے باہمی کے لیے ضروری ہے کہ ہم ایک دوسرے کو کھلے طریقہ سے سمجھیں ۔انہوں نے کہا کہ کاتالان Catalanہونے کے لیے ضروری نہیں کہ بندہ کسی خاص مذہب یا ثقافت سے تعلق رکھتا ہو، کاتالونیا میں رہائش پذیر ہر بندہ کاتالان ہے ۔انہوں نے آخر میں منہاج القرآن بارسلونا کو Open Door Session کے انعقاد پر ایک بار پھر مبارک باد پیش کی اور ایسے اقدامات کو ایک عظیم تر کاتالونیا کی تعمیر کے لیے انتہائی ضروری قرار دیا ۔
تعارف و اختتامیہ : تقاریر کے بعد نوید احمد اندلسی اور یوسف بلال مصطفوی نے نائب صدر اور DG مذہبی امور کو منہاج اسلامک سنٹر کے تمام حصہ جات کا تعارف کرایا اور منہاج القرآن بارسلونا اور اس کے ذیلی شعبہ جات کی علمی، تعلیمی، بین المذہبی ، بین الثقافتی ، نوجوانوں اور خواتین کی سرگرمیوں کے متعلق تفصیلی معلومات دیں جن کونائب صدرنے بہت پسند کیا ، مہمانوں کو منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا کے کمپیوٹر روم ، لائبریری اور دفتر اور ان میں ہونے والی مختلف سرگرمیوں کے بارے بھی بتایا گیا اور کمپیوٹر روم میں منہاج القرآن بارسلونا کے طلبہ نے اردو زبان میں نائب صدر کا نام "جوزپ یوئیس کارود روبیرا "لکھ کر دکھایا ، لائبریری کے وزٹ کے دوران نائب صدر نے منہاج یوتھ لیگ کے نوجوانوں سے خصوصی ملاقات کی ۔تقریب کے آخری حصہ میں تمام شرکاء کے لیے پاکستانی روائتی پکوانوں سے ریفریش منٹ کا انتظام کیا گیا جس کو مہمانوں نے بہت پسند کیا۔
اس پروگرام کو پاکستانی اخبارات ہم وطن، دیس پردیس، میز بان، پاک نیوز، جذبہ انٹرنیشنل اور ہسپانوی و کاتالان اخبارات نے خصوصی کوریج دی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل مئی 2009 میں کاتالونیا کے صدر Jose Montilla بھی Open Door Session کے موقع پر منہاج اسلامک سنٹر کا دورہ کر چکے ہیں ۔