منہاج القرآن سپین بارسلونا کے زیر اہتمام 24 دسمبر بروز جمعرات شام6بجے منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی ولادت کے عنوان سے سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔جس میں مقامی مسلمان کمیونٹی کے ساتھ ساتھ پاکستانی مسیحی کمیونٹی نے بھی شرکت کی، مسیحی کیمونٹی کی طرف سے پاسٹرجہانگیر ، بابر اختر مسح، جاوید گل مسیح اور بارسلونا کی پاکستانی تنظیمات میں سے پاکستان فیڈریشن کے صدر راجہ شعیب ستی، پاکستان پریس کلب کے چیئر مین حافظ عبد الرزاق صادق، پاکستان پریس کلب کے صدر عبد الغفور قریشی، ادارہ ہم وطن کے چیف ایڈیٹر اور ممتاز صحافی جاوید مغل ، مسلمان کاتالان ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری عامر سیال اور دیگر نے شرکت کی، میزبان تنظیم منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی طرف ایگزیکٹو اور یوتھ کے عہدیداران، رفقاء اور وابستگان نے کثیرتعداد میں شرکت کی ۔ بارسلونا میں اپنی نوعیت کے اس پہلے پروگرام میں منہاج ویمن لیگ سپین کی دعوت پر خواتین نے بھی شرکت کی ۔ پروگرام میں نقابت کی ذمہ داری منہاج مصالحتی کونسل کے صدر محمد اقبال چوہدری نے سر انجام دی۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کی سعادت منہاج یوتھ لیگ سپین کے ممبر حافظ محمد عاطف احتشام نے حاصل کی اس کے بعد الحاج قاری عبد الرحمان نے نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی۔تلاوت و نعت خوانی کے بعد منہاج مصالحتی کونسل کے صدر محمد اقبال چوہدری نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور اس پروگرام کے انعقاد کا مقصد بتایا ۔انہوں نے بتایا کہ حضرت عیسی ؑ کے یوم ولادت کے موقع پر مسلمانوں کی طرف سے ایسی تقریب کا انعقاد بارسلونا میں پہلی دفعہ ہوا ہے تاہم منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکز پر یہ سلسلہ گزشتہ کئی برسوں سے جاری ہے، انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن بارسلونا گزشتہ کئی سالوں نے بارسلونا میں موجود دیگر مذاھب کے عبادت گاہوں اور ان کے رہنماؤں سے مل کر بین المذاھب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے کام کر رہا ہے ۔

بارسلونا اور اس کے گرد و نواح میں بسنے والی پاکستانی مسیحی کیمونٹی کے ترجمان جاوید گل نے کہا کہ آج کا دن ہم سب کے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ جناب یسوع مسیح علیہ السلام کا پیغام امن پوری دنیا اورپوری انسانیت کے لیے تھا۔ آج یہاں ایک مثالی کام ہوا ہے کہ تمام مسیحی بھائی اور مسلمان بھائی اکٹھے X-Masمنا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ میں اس انفرادی نوعیت کے حامل پروگرام کے انعقاد پرمیں منہاج القرآن اور ڈاکٹر طاہر القادری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتاہوں،ہماری مسیحی کیمونٹی کے لیے یہ بہت بڑے اعزاز کی بات ہے کہ آج ہمیں یہاں مدعو کیا گیا۔ انہوں نے یوم قائد کے حوالے سے اپنی گفتگو میں کہا کہ آج پاکستان میں بسنے والی تمام کیمونٹیز کو اکٹھے ہو کر اس کی ترقی کے لیے کام کرنا چاہیے کیونکہ اگر پاکستان ہے تو ہم سب ہیں اور اگر پاکستان نہیں تو ہم کچھ نہیں ، انہوں نے اپنی گفتگو کے اختتام پر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی۔

مسیحی کیمونٹی کی طرف سے بابر اختر کو دعوت خطاب دی گئی جنہوں نے نے انجیل مقدس سے جناب عیسیٰ علیہ السلام کی ولادت کے بارے میں بیان کیا۔ اور فرمایا کہ رب ذوالجلال نے حضرت جبرایل علیہ اسلام کے ذریعے جناب عیسیٰ علیہ السلام کی ولادت کا پیغام اُس دور کے غریب، مسکین اور چرواہوں کو دیا۔
اس کے بعد پاک فیڈریشن سپین کے صدر راجہ شعیب ستی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ میں منہاج القرآن بارسلونا کا بے حد مشکور ہوں اور ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں سب دوریاں مٹا دیں اور ہم سب کو ایک ہی چھت کے نیچے لا کھڑا کیا۔ ہمیں آنے والے وقتوں میں اکٹھے مل کر کام کرنا چاہیئے اور اللہ پاک سے دعا ہے کہ ہمارا یہ اتحاد برقرار رہے۔

پروگرام کے اختتام سے قبل امیر تحریک منہاج القرآن بارسلونا علامہ عبدالرشید شریفی نے سب شرکاء کو خوش آمدید کہا اور مسیحی کیمونٹی کو اس ولادت حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے مبارک موقع پر سجائی جانے والی اس عظیم محفل میں شرکت پر خصوصی مبارک باد پیش کی ، علامہ صاحب نے قرآن مجید سے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی ولادت با سعادت پر تفصیلی روشنی ڈالی ، انہوں نے بتایا کہ حضرت سیدنا عیسیٰ علیہ السلام نے اپنی صفات خود اپنی زبان سے اس وقت بیان کیں جب وہ ابھی بہت چھوٹی عمر میں تھے ۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی بندہ اس وقت تک مسلمان نہیں ہوتا جب تک وہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی نبوت پر ایمان نہیں لاتا۔انہوں نے اپنے خطاب کے اختتامی حصہ میں اللہ جل مجدوہ سے دعا کی کہ سب اسی طرح اتفاق سے پیار و محبت سے حضرت سیدنا عیسیٰ علیہ السلام کی پیدائش کے دن کو ہر مرتبہ منائیں ۔

نماز عشاء کی ادائیگی کے بعد پروگرام کا بقیہ حصہ قائد اعظم محمد علی جناح کی ولادت کے حوالے سے شروع ہوا ، جس میں پاکستان پریس کلب کے صدر عبدالغفور قریشی نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کو اس پروگرام کے انعقاد پر مبارک باد دی ،انہوں نے قائد اعظم محمد علی جناح کے حوالے سے کہا کہ وہ ایک مکمل سیاسی رہنما اور عظیم لیڈر تھے، اللہ کریم ہمیں اپنے عظیم قائد کے فرمودات پر عمل پیرا ہونے کی توفیق اور آپس میں اتحاد و اتفاق کی دولت عطا فرمائے۔
تقریب کے آخری مقرر اور منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا کے نائب خطیب علامہ محمد عرفان رضا نے کہا کہ قائد اعظم نے جب پاکستان بنایا تو اس وقت فرمایا کہ قوانین بنانے کی اور اتنی محنت کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ہمارے پاس قرآن کی صورت میں پہلے سے ہی قوانین موجود ہیں صرف ان کو لاگو کرنا اور اس پر عمل کرنا ہے۔ قائد اعظم وقت کی پابندی کا خاص خیال رکھتے تھے اور سب کو وقت کی قدر کی تلقین کرتے تھے۔وہ اپنے خطابات میں اسلام اور مسلمانوں کا تشخص اجاگر کیا کرتے تھے اور راتوں میں جاگ کر اللہ کے حضور سجدوں میں گر کر کہا کرتے تھے کہ اے اللہ ہم مسلمانوں کو ایک علیحدہ وطن عطا فرما۔ اللہ پاک ہمیں قائد اعظم کی فکر کو سمجھنے کی توفیق دے۔

نقیب محفل محمد اقبال چوہدری نے آخر میں تمام شرکاء کا ایک مرتبہ پھر شکریہ اداء کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اسی طرح کے دیگر پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا ، انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کے ہمیں اپنے اسلاف، اپنے مشائخ اور اپنے قائدین کو پہچاننا چاہیے اور ان کی کی قدر کرنی چاہیے ، انہوں نے تمام شرکاء اور بالخصوص خواتین کو اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت کا خاص انتظام کرنے کی تلقین کی ۔

پاکستان اور پوری دنیا میں امن کے قیام کے لیے علامہ عبد الرشید شریفی نے خصوصی دعا کروائی جس کے بعد شرکاء کے لیے ریفریشمنٹ کا انتظام کیا گیا ۔

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

مزید تصاویر