28مئی بروز جمعۃ المبارک کو منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے اجلاس میں انٹرنیٹ پر سماجی روابط کے ویب سائٹس میں پیغمبر اسلام ﷺ کے توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے ۔منہاج القرآن بارسلونا کے امیر علامہ عبد الرشید شریفی، صدر حاجی مظہر حسین اور دیگر شرکاء اجلاس نے فیس بکس اور دیگر بڑی ویب سائٹس پر خاکوں کی اشاعت پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا ۔
صدر منہاج القرآن بارسلونا حاجی مظہر حسین نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان خاکوں کی اشاعت مسلمانوں کے خلاف سازش ہے اور یہ ایسے انتہاء پسند عناصر کی کاروائی ہے جو دنیا کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے گزشتہ ہفتے پاکستان میں لاہور ہائی کورٹ کے فیصلہ کے بعد حکومت پاکستان کی طرف سے ایسی ویب سائٹس کو بلاک کرنے کے عمل کو سراہتے ہوئے دیگر اسلامی ممالک سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے ممالک میں بھی ایسے مواد کی حامل ویب سائٹس کو فوری طور پر بند کریں ۔
اجلاس کے بعد منہاج مصالحتی کونسل سپین کے صدر محمد اقبال چوہدری نے نظامت نشرو اشاعت سے اپنی گفتگومیں کہا کہ مغرب کے انتہا پسند جہلا ء اسلام اور مغرب کے درمیان کسی بھی سطح کے تعلقات کو پسند نہیں کرتے اور مغرب میں حاصل شدہ آزادی اظہار کا گھناؤنا استعمال کرتے ہوئے ہمیشہ مسلمانوں کی دل آزاری کرتے ہیں ان ہی آزادئ اظہار کے دعویداروں سے جب کوئی ہولو کاسٹ کے بارے میں اظہار خیال کرنے کا کہتا ہے تو ان کی جان جاتی ہے اس بیمار ذہنیت کا مقابلہ بندوق سے نہیں دلیل اور مکالمے سے ہی ممکن ہے ،نبی کریم ﷺ کے اپنے فرمان کے مطابق ( میں سارے جہاں جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا گیا ہوں )مغرب کے لوگ بھی اسی طرح آپ کے امتی ہیں جس طرح دنیا کے کسی بھی دوسرے حصے میں رہنے والے،۔ لیکن یہ نام نہاد جمہوری انتہا پسند جب ایک ارب سے زائد مسلمانوں کی دل آزاری کرتے ہیں تو انہیں اس بات کا خیال نہیں ہوتا کہ ان کے اس گھناؤنے فعل کا رد عمل دنیا کے کسی بھی حصے میں بسنے والے غیرمسلم بالخصوص عیسائی برادری کے لیے کتنا شدید ہو سکتا ہے ۔ اور ان کے اس جہلانہ فعل کی سزا بے گناہ اور بے قصور انسانوں کو جھیلنی پڑتی ہے ، ہم جلاؤ گھیراؤ کے قائل نہیں ہیں نہ ہی یہ اسلام کی تعلیمات ہیں لیکن جب اس طر ح کے بد بخت لوگوں کی لگا تاردل آزاری کریں گے تو کسی وقت بھی کسی کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو سکتاہے کیونکہ کسی بھی مسلمان کے لیے ہر چیز قابل برداشت ہو سکتی ہے لیکن اپنے نبی ﷺ کے بارے میں کوئی بھی نا مناسب بات کسی بھی صورت گوارہ نہیں ہے ۔
منہاج مصالحتی کونسل سپین کے صدر نے بتایا کہ جلد ہی منہاج القرآن بارسلونا کے زیر اہتمام مقامی کیمونٹی کو حرمت رسول ﷺ کے بارے میں اپنے احساسات پہنچانے کے لیے سیمینار کا اہتمام کیا جائے گا اور حکام بالا سے درخواست کی جائے گی کہ ایسے گھناؤنے فعل کو روکنے کے لیے قانون سازی کی جائے ۔