16نومبر کو منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے زیر اہتمام Museu Maritimمیں نماز عید الاضحی کا سب سے بڑا اجتماع انعقاد پذیر ہوا ، ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی مختلف حکومتی عہدیداران اور مقامی سیاسی جماعتوں کے نمائندگان نے شرکت کی ، تاہم اس سال خصوصی طور پر بارسلونا کے مئیر Jordi Hereuبھی عید الاضحی کے اجتماع میں تشریف لائے اور مسلمانوں کو اس عظیم اجتماع پر مبارک باد پیش کی ۔
مئیر بارسلونا Jordi Hereu، بلدیہ بارسلونا اور سوشلسٹ پارٹی کے دیگر عہدیداران کے ہمراہ جب ہال میں پہنچنے تو منہاج القرآن سپین کے صدر محمد اکرم بیگ، مجلس شوریٰ حاجی ارشد محمود اور منہاج یوتھ لیگ سپین کے بلال یوسف نے ان کا استقبال کیا اور انہیں پھول پیش کیے ۔ صدر مصالحتی کونسل محمد اقبال چوہدری نے مئیر بارسلونا کے مبارک باد کے پیغام کااردو زبان میں ترجمہ کیا ، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ مسلمانوں ، پاکستانی کیمونٹی اور منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کا اعزاز ہے کہ مئیر بارسلونا اپنی تمام مصروفیات کے باوجود صبح کے وقت ہمیں مبارک باد دینے کے لیے خوش تشریف لائے ہیں ۔