منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے زیر اہتمام سپانش زبان کی نئی کلاس کا آغاز 20اپریل 2012کو ہوا،داخلے کے خواہش مندافراد کی کثیر تعداد کی وجہ سے داخلہ قرعہ اندازی کے ذریعے کیا گیا ، یہ کلاس 20جولائی تک جاری رہے گی ۔
کلاس میں داخلے کے لیے رات 9بجے کا وقت مقرر کیا گیا لیکن مقررہ وقت سے قبل ہی منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا کے سامنے امیدوار ٹولیوں کی صورت میں جمع ہو چکے تھے ۔ 9بجے داخلے کے تقریب کا باقاعدہ آغاز بذریعہ یو ٹیوب شیخ عبدالرحمان السدیس کی آواز میں تلاوت قرآن کریم سے کیا گیا جس کے بعد نوید احمد اندلسی (کلاس ٹیچر) نے امیدواروں کو پروجیکٹر سکرین کے ذریعے کلاس میں داخلے کی شرائط اور قوائد و ضوابط سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یہاں سپانش زبان اردو زبان کے ذریعے سکھائی جاتی ہے، یہاں روزانہ حاضری لگائی جاتی ہے اور بغیر اطلاع کے چھٹی کرنے والے طالب علم کو خارج کر دیا جاتا ہے ، یہاں سپانش سکھانے کے لیے سرکاری سطح پر منظور شدہ نصابی کتابیں استعمال کی جاتی ہیں ۔
داخلے کے لیے طریقہ کار کے مطابق کلاس روم میں موجود تقریباً60امیدواروں میں پرچیاں تقسیم کی گئیں اور قرعہ اندازی کے ذریعے 30طلباء کا انتخاب کیا گیا ۔ قرعہ اندازی اور داخلہ کے مرحلے میں کلاس کے سابق طالب علموں شفقت علی رضاء، صفی اللہ ، حاجی محمد افضل قادری، علی رضاء قادری اور مرزا رضوان بیگ نے خصوصی تعاون کیا ۔
کلاس میں داخل ہونے والے طلباء کو نوید احمدا ندلسی، چوہدری پرویز اختر (ناظم ویلفیئر منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین )، حسنات مصطفی (منہاج یوتھ لیگ سپین)، اور شفقت علی رضاء (چیف ایڈیٹر پاک نیوز) نے خوش آمدید کہا اور اپنے استقبالیہ کلمات میں ان کو باقاعدگی کے ساتھ کلاس میں آنے اور زیادہ سے زیادہ سیکھنے اور اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی تلقین کی۔