منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے تحت گزشتہ 12سال سے دین اسلام کا پیغام امن پھیلانے کے لیے اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں مختلف مذاہب کے ماننے والے شرکت کرتے ہیں جن میں عیسائی(مسیحی)، یہودی، سکھ ، بدھ اور ہندو مذہب کے ماننے والے شامل ہیں ۔ اسی طرح منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے ذیلی شعبہ جات منہاج یوتھ لیگ سپین اور منہاج مصالحتی کونسل سپین کے تحت مختلف مذاہب کی عبادت گاہوں کے معلومات و مطالعاتی دورہ جات بھی کیے جاتے ہیں ۔ اسی طرح بلدیہ بارسلونا کے ادارہ برائے بین المذاہب امور کے تعاون سے مقامی سکولوں کے پرائمری اور سکینڈری جماعتوں کے طلباء و طالبات کو منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا کے مطالعاتی دورہ جات بھی کروائے جاتے ہیں ۔ اسی سلسلے میں گزشتہ دنوں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے سفیر یورپ علامہ حافظ نذیر احمد خان قادری کے دورہ سپین کے موقع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے وفد نے کاتالونیا (سپین) کے تاریخی، مذہبی اور تفریحی مقام Montserratکا دورہ ترتیب دیا،اس وفد میں سفیر یورپ کے علاوہ سرپرست منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین محمد نواز کیانی ، نائب صدر حاجی زاہد اختر زاہدی، سیکریٹری جنرل نوید احمد اندلسی، حاجی نذیر اداسی، محمد ضیاء اور معروف صحافی شفقت علی رضاء شامل تھے ۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے وفد نے Montserratپہاڑی کے مختلف حصوں کی سیر و تفریح کے بعد سطح سمندر سے 3200فٹ بلندی پر Sant Joanکے مقام پر باجماعت نماز ظہر اداء کی جس کے لیے اذان حاجی نذیر اداسی نے کہی جبکہ جماعت کی امامت علامہ حافظ نذیر احمد خان قادری نے کروائی ۔ نماز اور دن کے کھانے کے بعد وفد کے اراکین اس جگہ سے نیچے 2400فٹ بلندی پر واقع سن 880عیسوی میں قائم ہونے والے تاریخی چرچ کے دورہ کے لیے روانہ ہوئے ۔
چرچ کے مرکزی دروازے پر راہب Ramon Oraniasنے وفد کا استقبال کیا ، انہوں نے وفد کے اراکین کو چرچ کے تمام گوشوں کا تفصیلی دورہ کروایا، مختلف ذمہ داریوں پر فائز راہبوں سے ملاقات کروائی اور انہیں چرچ کی تاریخ، Montserratپہاڑی کی تاریخی و جغرافیائی اہمیت اور چرچ کے تحت جاری مختلف تعلیمی و فلاحی منصوبہ جات کے بارے بتایا۔ اس موقع پر نوید احمد اندلسی نے انہیں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کی امن عالم کے قیام اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے دنیا بھر میں جاری سرگرمیوں کے بارے آگاہ کیا ۔سفیر یورپ علامہ حافظ نذیر احمد خان قادری نے قرآن مجید کے روشنی میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور حضرت مریم علیہا السلام کی شان بیان کی ۔
دورہ کے اختتام سے قبل علامہ حافظ نذیر احمد خان قادری نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی طرف سے دہشت گردی کے خلاف جاری کیے جانے والا فتویٰ کا تعارف کرایا اور چرچ کی لائبریری کے لیے فتویٰ کی کتاب Ramon Oraniasکو پیش کی جنہوں نے وفد کے تمام اراکین کا شکریہ اداء کیا اور اس طرح یہ دورہ اختتام پذیر ہوا ۔