منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں 20اپریل 2012تا19جولائی 2012تک جاری رہنے والی سپانش زبان سیکھنے کی کلاس کے طلبہ کے اعزاز میں مورخہ 20جولائی 2012(بمطابق یکم رمضان ) بروز جمعۃ المبارک الوداعی افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں کلاس کے فارغ التحصیل طلباء ، ٹیچر نوید احمد اندلسی، صدر منہاج مصالحتی کونسل محمد اقبال چوہدری، نمائندہ روزنامہ جنگ وجیو نیوز برائے سپین شفقت علی رضاء، منہاج یوتھ لیگ سپین کے حافظ محمد عثمان، کلاس کے سابق طلباء حافظ محمد عمران ،صفی اللہ ، محمد عطاء اعوان اور محمد رضوان بیگ نے شرکت کی ۔ منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں سپانش زبان کی آئندہ کلاس 22اگست 2012کو شروع ہو گی جس کے لیے داخلہ حسب معمول بذریعہ قرعہ اندازی مذکورہ تاریخ کو رات 9بجے ہو گا ۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کی سعادت حافظ محمد عمران نے حاصل کی جبکہ حافظ محمد عثمان نے نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی جس کے بعد طلباء نے فرداً فرداً سہ ماہی کلاس کے بارے میں اپنی آراء و تبصرہ جات دیے جس میں انہوں نے بتایا کہ اس کلاس میں ان کو بہت اچھے اور منظم انداز سے سپانش زبان سیکھنے کا موقع ملا جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ یہاں سپانش زبان کو اردو زبان کے ذریعے سکھایا جاتا ہے، ہمیں اس کلاس میں نہ صرف سپین کی زبان سیکھنے کا موقع ملا بلکہ جنرل نالج، سپین کی ثقافت و قوانین کے بارے بھی معلومات ملیں اور انتہائی دوستانہ ماحول میں 3ماہ گزارنے کا موقع ملا جس کو وہ کبھی فراموش نہیں کر پائیں گے۔ بعض طلباء نے اپنی رائے دیتے ہوئے بتایا کہ اس کلاس میں ان کو تحریک منہاج القرآن کے بارے میں بھی بہت سی ایسی معلومات حاصل ہوئی ہیں جن کے بارے وہ پہلے نہیں جانتے تھے اور ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی ملت اسلامیہ کے اتحاد اور عالمی سطح پر اسلام کے پیغام امن کو پھیلانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کے متعلق معلومات ملی ہیں اور ان کی شخصیت کے بارے میں غلط فہمیوں کا ازالہ بھی ہوا ہے ۔سپانش زبان سکھانے کی کلاس کا مفت اہتمام کرنے پر طلباء نے منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کا شکریہ اداء کیا ۔
جنگ اور جیو نیو ز کے نمائندہ برائے سپین شفقت علی رضاء نے طلباء سے اپنی گفتگو میں کہا کہ جو کچھ آپ نے سیکھا ہے اگر آپ اس سیکھے ہوئے کو آگے نہیں پھیلائیں گے یا اس زبان کو بولنے کی کوشش نہیں کریں گے تو یہ سیکھا ہوا کسی کام نہیں آئے گا ،انہوں نے زبان نہ جاننے کے نقصانات کے بارے میں بھی طلباء کو آگاہ کیا ۔
صدر منہاج مصالحتی کونسل سپین محمد اقبال چوہدری نے خصوصی دعوت پر اس تقریب میں شرکت کی اور طلباء سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا اللہ تعالیٰ نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا ہے ، اگرچہ ہم میں سے ہر ایک سپین میں فکر روزگار کے لیے آیا لیکن اللہ تعالیٰ نے ہم سے دین کی ترویج و اقامت کا کام بھی لینا ہے اس لیے ہم جس ملک میں بھی رہیں اس ملک کی زبان پر عبور حاصل کرنا ہماری ترجیح اول ہونی چاہیے تاکہ ہم مقامی لوگوں تک اللہ تعالیٰ کا پیغام پہنچا سکیں اور اس طرح دنیا و آخر ت میں سرخرو ہو سکیں ۔ انہوں نے طلباء کو تلقین کی کہ وہ یہاں سیکھی گئی زبان پر اکتفاء نہ کریں بلکہ سیکھنے کے عمل کو جاری رکھیں ۔
کلاس ٹیچر نوید احمد اندلسی نے تمام طلباء کو باقاعدگی سے کلاس میں آنے اور کلاس مکمل کرنے پر مبارک باد پیش کی اور انہیں تلقین کی کہ سیکھی ہوئی زبان کی سطح کو مزید بلند کرنے کے لیے دیگر سکولوں اور اداروں میں بھی داخلہ لیں ۔ انہوں نے طلباء کو کہا کہ کام کی تلاش اور روزگار کے علاوہ وہ سپانش زبان کو ترویج اسلام کا ذریعہ بھی بنائیں ، تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی زندگی کا مطالعہ کریں اور اس بارے کسی بھی غلط فہمی کی صورت میں فوری رابطہ کریں ۔
تقریب کے اختتام پر طلباء میں منہاج سی ڈی سنٹر فیصل آباد کی طرف سے تیار کی جانے والی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی شخصیت پر لکھی گئی کتاب مجدد رواں صدی بھی تقسیم کی گئی جس کے بعد میں شرکاء کے لیے افطار ڈنر کا انتظام بھی موجود تھا ۔