26جولائی 2012بروز جمعرات کو منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین (بارسلونا) اور کاتالونیا کی دیگر مسلم و غیر مسلم تنظیمات کی طرف سے بارسلونا شہر کے مرکزی مقام رمبلا رابال Rambla Ravalپر Iftar Popularیعنی افطارِ عام کا اہتمام کیا گیا ۔ افطار عام کا انعقاد منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین ، اسلامک کونسل آف کاتالونیا، خواتین کی تنظیم Acesop ، ابنِ بطوطہ ایسوسی ایشن، چرچ Carme، Ravalکی مسیحی تنظیم، فلپائن کیمونٹی کی تنظیم اور FundacioTotRavalنے مشترکہ طور پر کیا ۔ پروگرام کے مہمانانِ خصوصی بارسلونا کے ضلع Ciutat Vellaکی انتظامی سربراہ Merce Homs،حکومت کاتالونیا کے ڈائریکٹرجنرل برائے امیگریشن Xavier Bosch اور حکومت کاتالونیا کے ڈائریکٹر جنرل برائے مذہبی امور Xavier Puigdollersتھے ۔ اس کے علاوہ تقریب میں آرگنائزر تنظیمات کے سربراہان، مقامی سیاسی جماعتوں کے قائدین اور میڈیا کے نمائندگان نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی جن میں سوشلسٹ پارٹی کے Jose Maria Salaاور Miguel Rivero، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور بلدیہ بارسلونا Ignasi Garcia، سابق ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور Jordi Lopez ،کاتالان پولیس کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے Miquel، منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے قائم مقام صدر محمد ظل حسن قادری، پاک فیڈریشن سپین کے صدر چوہدری عبد الغفار مرہانہ ، ادارہ ہم وطن کے ڈائریکٹر جاوید مغل، ڈپٹی ڈائریکٹر ارشد نزیر ساحل، سنیئر صحافی ظفر اقبال حسن، مرزا ندیم بیگ، کامران برکت شامل ہیں ۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن کریم سے قاری عبد الرحمان نے کیا جس کے بعد محمد اقبال چوہدری(منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین)، محمد حل حول(اسلامک کونسل کاتالونیا) ، Ana Royo( چرچ کارما )، Xavier Bosch(ڈی جی امیگریشن) اور Xavier Puigdollers( ڈی جی مذہبی امور)نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ مقررین نے افطارِ عام کی تقریب کو کامیاب بنانے کے لیے تمام تنظیمات کو مبارک باد دی اور کہا کہ اس تقریب سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ مسلمانوں کو بھی دیگر شہریوں کی طرح یہاں کے عوامی مقامات پر اپنے اجتماعات منعقد کرنے کا حق حاصل ہے اور آج کھلی جگہ پر افطار عام کا انعقاد کر کے ان لوگوں نے اس بات کا ثبوت دیا ہے کہ اسلام امن، ہم آہنگی اور مکالمے کو فروغ دینے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ایسی تقریبات اچھی ہمسائیگی کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہونے کے ساتھ ساتھ ہمیں ایک دوسرے کے بارے میں مزید جاننے کے مواقع بھی فراہم کرتی ہیں ۔
تقاریر کے بعد الحاج قاری عبد الرحمان نے اذان دی جس کی گونج میں رمبلا رابال پر موجود سینکڑوں فرزندانِ اسلام نے کھجوروں، پاکستانی سموسوں، عربی حریرہ اور مشروبات سے افطاری کی جبکہ مقامی لوگ بھی ان کی اس افطاری میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر اسلامی کونسل کاتالونیا اور Acesopکی خواتین نے احسن طریقے سے افطاری کے لوازمات کی تقسیم کی،تقریب میں نظامت کے فرائض محمد اقبال چوہدری (صدر منہاج مصالحتی کونسل سپین) نے سر انجام دیے ۔