یورپین پیس کانفرنس کا انعقاد وقت کی ضروت ہے جس پر MQIڈنمارک مبارک باد کی مستحق ہے
دنیا کے تمام مذاہب انسانیت کی تکریم اور احترام کا درس دیتے ہیں جبکہ دہشت گردی انسانیت کی تذلیل اور توہین ہے ، اسلام انسانیت اور امن و سلامتی کا داعی ہے، ان خیالات کا اظہار منہاج مصالحتی کونسل سپین کے صدر محمد اقبال چوہدری نے گزشتہ روز نوید احمد اندلسی (سیکریٹری جنرل MCBیورپ )سے ملاقات میں کیا ، انہوں نے کہا کہ یورپین امن کانفرنس کا انعقاد وقت کی اہم ضروت ہے جو کہ دین اسلام کے پیغام امن کو اہل یورپ تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ مسلمانوں پر عدم رواداری اور دہشت گردی جیسے الزامات کو صاف کرنے میں موثر ثابت ہو گی ، انہوں نے کہا کہ مغربی میڈیا میں اسلام کے خلاف ہونے والے منفی پراپگنڈے کا مقابلہ ہم اسی طرح کی کانفرنسز اور سیمینارز سے کر سکتے ہیں، دنیا کے کسی مذہب کا دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں جب کہ دہشت گردوں کا تعلق کسی بھی مذہب اور قوم سے ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی دنیا میں بسنے والے بہت سے لوگ دین اسلام کی حقیقی تعلیمات سے نا واقفیت اور منفی پراپنگڈہ سے متاثر ہو کر اسلام سے دور ہیں ، اگر مسلمان اُن تک اسلام کا اصلی پیغام نہیں پہنچائیں گے تو یہ خلیج بڑھتی جائے گی ۔
محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ یورپی پیس کانفرنس منعقد کرنے پر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے قائدین مبارک باد کے مستحق ہیں اور قیام امن عالم کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں تحریک منہاج القرآن کی کا کام دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے قابل تقلید ہے ۔
یاد رہے کہ 9ستمبر 2012کو ڈنمارک کے دارلحکومت کوپن ہیگن میں منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے زیر اہتمام یورپین پیس کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے جس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری خطاب کریں گے ، کانفرنس میں یورپ بھر سے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے رفقاء و وابستگان کثیر تعداد میں شرکت کریں گے ۔