31جولائی 2013ء کو منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی ذیلی تنظیم منہاج القرآن بادالونا کے زیر انتظام بادالونا Badalona شہر میں عوامی افطار پارٹی (افطارِ عام) کا اہتمام کیا جائے گا جس میں مسلمانوں کے علاوہ مقامی سپانش کیمونٹی اور مختلف حکومتی اداروں کے نمائندگان بھی شرکت کریں گے۔

منہاج القرآن بادالونا کے صدر آفتاب حسین ابرار اور سیکریٹری جنرل عدنان رضاء نے گزشتہ روز نویداحمد اندلسی سے اپنی ٹیلیفونک گفتگو میں بتایا کہ 31 جولائی 2013ء بروز بدھ عوامی افطار پارٹی کا اہتمام B9 سکول کے گراؤنڈ میں کیا جائے گا جہاں نماز جمعہ اور نمازِ تراویح اداء کی جاتی ہے ، انہوں نے بتایا کہ منہاج القرآن بادالونا اور منہاج مصالحتی کونسل سپین کی طرف سے مقامی بلدیہ، حکومت کاتالونیا اور مقامی سیاسی و سماجی تنظیمات کوشرکت کے دعوت نامے جاری کر دیے گئے ہیں اوراس تقریب میں پاکستانی کیمونٹی کو شرکت کی دعوتِ عام ہے۔

گزشتہ روز منہاج مصالحتی کونسل سپین کے صدر محمد اقبال چوہدری نے سیکریٹری جنرل منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین نوید احمد اندلسی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس افطارِ عام Iftar Popular کے انعقاد کا مقصد مقامی آبادی اور مسلمان تارکین وطن کے مابین ہم آہنگی، اچھی ہمسائیگی ، اور خوشگوار تعلقات کو فروغ دینا ہے، انہوں نے بتایا کہ افطار عام کے انعقاد میں منہاج القرآن بادالونا کو مقامی پاکستانی تنظیم ندائے پاکستان اور دیگر شخصیات کا تعاون بھی حاصل ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی بادالونا میں افطارِ عام کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں 300 سے زائد افراد نے شرکت کی تھی۔