منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے زیرِ انتظام بادالونا میں ایک عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستانی کیمونٹی کی نمائندہ تنظیمات کے سربراہان اور صحافی برادری کے علاوہ بادالونا کی معزز شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

ذیشان کبابش ریسٹورنٹ بادالونا، میں منعقدہ اس تقریب کا باقاعدہ آغاز حافظ جبران اعظم کیانی نے صحیفہ ہدایت کی مقدس آیات کی تلاوت سے کیا جس کے بعد منہاج القرآن بارسلونا کے خطیب علامہ عبد الرشید شریفی نے تحریک منہاج القرآن کے اغراض و مقاصد پر اختصار سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بادالونا میں بسنے والے پاکستانیوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی اور اپنی اولاد کی تربیت کے لیے کسی دینی مرکز کا انتظام کریں ، انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن ہر قسم کے نسلی، لسانی اور گروہی اختلافات سے بالاتر ہو کر امتِ مسلمہ کے اتحاد اور دینِ حق کے غلبہ کے لیے کوشاں ہے۔



اس تقریب کے مہمانِ خصوصی منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے سیکریٹری جنرل محمد اقبال چوہدری نے اپنے خطاب میں اہلِ بادالونا سے کہا کہ ہماری شروع سے ہی یہ خواہش تھی کہ بارسلونا میں نئے مرکز کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد بادالونا میں کمیونٹی کی دینی تربیت اور فلاح و بہبود کے لیے کسی مرکز کی تعمیر کی جائے تاکہ اس سے ہماری آنے والی نسلیں مستفیض ہو سکیں، انہوں نے کہا کہ اس درسگاہ کی تعمیر اب ہماری اولین ترجیح ہے جس کے لیے آپ تمام احباب کے تعاون کی ضرورت ہے اور یہ تعاون بغیر کسی اختلاف کے ہونا چاہیے کیونکہ اگر مسجد کی تعمیر ہو گی تو وہ سب کا اجتماعی فائدہ ہو گا ، ہماری سیاسی سوچیں مختلف ہو سکتی ہیں لیکن مذہبی معاملے میں ہم سب کو اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

منہاج القرآن بادالونا کی اس عید ملن پارٹی میں جذبہ انٹرنیشنل کے چیف اڈیٹر اور پاکستان اوورسیز الائنس فورم کے صدر اعجاز حسین پیارا نے خصوصی طور پر شرکت کی، انہوں نے منہاج القرآن کے بارے میں اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن دنیا کی واحد اسلامی تنظیم ہے جو ہر ملک میں موجود ہے اور یہ تحریک بلا شبہ اپنے بہترین اور منظم ترین نیٹ ورک کے ساتھ دن رات عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے دنیا میں جہاں بھی سفر کیا ہے مجھے منہاج القرآن کی مسجد میں نماز پڑھنے کی سعادت حاصل ہوئی ہے ۔
کھانے سے قبل سیکریٹری جنرل منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین محمد اقبال چوہدری نے منہاج القرآن بادالونا کی تنظیم کے صدر محمد ثاقب ڈار، نائب صدر محمد جہانگیر حسین، سیکریٹری جنرل محمد عدنان رضا، سیکرٹری مالیات محمد ارسلان اعظم کیانی اور سیکریٹری نشر و اشاعت محمد عمیر ڈارکا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ ان سب احباب ان کو اپنا سمجھتے ہوئے ان سے تعاون کریں ۔
آخر میں محمد اقبال چوہدری نے سب حاضرین سے گزشتہ دنوں پاکستان کے شہر کراچی میں ہونے والے بم دھماکوں میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت اور فاتحہ کی اپیل کی ۔