بارسلونا کتالونیا اور سپین کے دیگر علاقوں میں رہائش پذیر وہ پاکستانی بھائی جنہوں نے Arraigo Social کے تحت اپنے کاغذات جمع کروائیں ہیں اور ان کے کاغذات اس وقت Tramite کی حالت میں ہیں ان کو چاہیے کہ وہ ان کاغذات کے پاس ہونے کا انتظار مت کریں بلکہ جتنی جلدی ممکن ہو سکے پاکستان سے اپنا نیا Police Character Certificate منگوا کر اپنی فائل کے ساتھ گورنر سول میں جمع کروائیں ۔

یہ معلومات منہاج القرآن بارسلونا کے ترجمان محمد اقبال چوہدری نے گزشتہ دنوں منہاج القرآن بارسلونا کی نظامتِ نشرو اشاعت سے اپنی گفتگو میں بتائی ، انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے ان کی بارسلونا کی گورنر Montserrat Garcia اور سپین کے وزیرِ امیگریشن Celestino Corbacho سے ملاقات ہوئی جس میںپولیس کریکٹر سرٹیفیکیٹ کا مسئلہ زیرِ غور آیا، گورنر نے بتایا کہ جن افراد کے کاغذات ابھی تک Tramite کی حالت میں ہیں ان کو چاہیے کہ وہ بغیر کسی انتظار کے پاکستان سے نئے نظام کے تحت اپنا سرٹیفیکیٹ حاصل کریں اور اس کو نیشنل پولیس بیورو ، پاکستانی دفتر خارجہ، ہسپانوی سفارت خانہ اسلام آباد اور ہسپانوی دفتر خارجہ میڈرڈ سے تصدیق کروا کر گورنر سول میں جمع کروائیں ، بصورتِ دیگر ان کے کاغذات Reject (مسترد) ہو سکتے ہیں اور جس کے کاغذات ریجکٹ ہوتے ہیں اس کو نئے سرے سے کاغذات کے حصول کے لیے تمام کوششیں دوبارہ کرنی پڑیں گی ، اس کوفت سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ جلد از جلد اپنا کریکٹر سرٹیفیکیٹ بنوا کر جمع کروائیں ۔

اس بارے میں مزید معلومات کے لیے منہاج القرآن انٹرنیشنل بارسلونا کے ترجمان محمد اقبال چوہدری، پاکستان پریس کلب سپین کے صدر حافظ عبد الرزاق صادق، ہم وطن بارسلونا کے ڈائریکٹر جاوید مغل یا پاکستانی قونصلیٹ یا دیگر پاکستانی تنظیمات و اخبارات کے دفاتر سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔