15 ستمبر بروز منگل منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا اور کاتالونیا کی دیگر مسلمان تنظیمات کی طرف سے بارسلونا شہر کے مرکزی مقام پریشان رمبلا (رمبلا رابال) پر Iftar Popular یا افطار عام کا اہتمام کیا گیا جس میں بارسلونا کی شہری حکومت، کاتالونیا کی علاقائی حکومت ، مقامی و پاکستانی سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور عوام الناس نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ افطار عام کے انعقاد میں ابن بطوطہ ایسوسی ایشن ، Fundacio Tot Raval ، منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا اور بلدیہ بارسلونانے بنیادی کردار اداء کیا ۔
اس تاریخی حیثیت کی حامل افطار عام کی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد ابن بطوطہ ایسو ی ایشن کی نمائندہ نے دین اسلام کے اندر رمضان المبارک کی اہمیت اور روزے کے صحت کے لیے فوائد کتالان زبان میں بتائے۔ افطار ی سے قبل منہاج القرآن بارسلونا کے محمد اقبال چوہدری نے بھی اس تقریب کے انعقاد کے بارے بتایا اور کہا کہ اس طرح کی تقاریب سے ہمیں ایک دوسرے کے بارے جاننے کا موقع ملتا ہے ، جس کے بعد الحاج قاری عبد الرحمان نے اذان دی جس کی گونج میں رمبلا راوال پر موجود سینکڑوں فرزندانِ اسلام نے افطاری کی جبکہ مقامی لوگ بھی ان کی اس افطاری میں شریک ہوئے ۔
اس موقع پر مقامی و پاکستانی صحافی برادران بڑی تعداد میں موجود تھے جنہوں نے نے اس تقریب کی بہترین کوریج کی ، پاکستانی اخبارات میں سے ہم وطن، میزبان، پاک نیوز اور دیس پردیس نے افطار عام کی کوریج کی جبکہ بارسلونا کے مقامی ٹیلی ویژن نے اس تقریب کو براہ راست نشر کیا ۔