7جولائی بروز بدھ کو کیلیفورنیا (امریکہ)کی Huston یونیورسٹی اور تاراگونا (سپین)کی Pere Vergili یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات نے منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا کا دورہ کیاجہاں محمد اقبال چوہدری (صدر منہاج مصالحتی کونسل سپین )اور محمد عتیق قادری (صدر منہاج یوتھ لیگ سپین)نے ان کو خوش آمدید کہا۔اس موقع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے نائب صدر مرزا محمد اکرم بیگ ، نائب ناظم ویلفیئر چوہدری پرویز اختر، منہاج یوتھ لیگ سپین کے آفس سیکریٹری یوسف بلال اور ایگزیکٹو ممبر حسنات مصطفی ہاشمی بھی موجود تھے۔
پروفیسرJordi Moreres نے تمام سٹوڈنٹس کا تعارف کروایا اور اپنے اس دورہ کا مقصد بیان کیا، ان کا کہنا تھا کہ ہمارا یہاں آنے کا مقصد مسلمانوں کو اور ان کی مساجد کو قریب سے جاننا ہے، محمد اقبال چوہدری نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کا انگریزی اور ہسپانوی زبان میں تعارف کروایااورانہوں نے منہاج القرآن کی تمام سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلاات بتائیں ،انہوں نے بالخصوص منہاج القرآن سپین کے تحت ہونے والے سالانہ Open Door Sessionکے بارے میں بتایا۔
اس تعارفی گفتگو کے بعد طلبہ و طالبات نے مختلف سوالات کیے جن میں مسلمانوں کی پہچان،پاکستانی کمیونٹی کا ہسپانوی کمیونٹی کے ساتھ تعلق اور پاکستان کے موجودہ حالات کے بارے میں پوچھا۔ان تمام سوالات کا محمد اقبال چوہدری نے جامع جواب دیا اور پاکستان کے موجودہ حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے دہشتگری کے خلاف فتویٰ کا تعارف کرایا اور پروفیسر Jordi Moreres کو اس تاریخی فتوے کا انگریزی زبان میں خلاصہ تحفے میں دیا۔ وزٹ کے اختتام پر Jordi Moreres نے تمام سٹوڈنٹس کی طرف سے منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
آخر میں منہاج مصالحتی کونسل سپین کی طرف سے طلبہ و طالبات کے لئے ریفریشمنٹ کا انتظام بھی کیا گیا، تمام مہمانوں نے پاکستانی سموسے، پکوڑے اور مٹھائی کو پسند کیا۔
رپورٹ : محمد عتیق قادری