22فروری کو امیگریشن برائے بارسلونا Daniel Torres نے منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا کا دورہ کیا اور منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے عہدیداران کے ساتھ ملاقات کی ۔ اس موقع پر کمشنر امیگریشن کے ساتھ ان کے معاون Nestorبھی موجود تھے جب کہ منہاج القرآن بارسلونا کی طرف سے محمد اقبال چوہدری (صدر مصالحتی کونسل) ، نوید احمد اندلسی (سیکریٹری جنرل) ، چوہدری پرویز اختر (صدر ویلفیئر ) ، محمد نواز قادری(سیکریٹری فنانس) اور منہاج ویمن لیگ سپین کی عہدیداران موجود تھیں ۔
منہاج لائبریری بارسلونا میں میٹنگ کے دوران پاکستانی کیمونٹی کے مختلف قانونی و سماجی مسائل پر گفتگو ہوئی ، کمشنر امیگریشن نے بتایا کہ بلدیہ بارسلونا کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2012میں بارسلونا شہر میں مقامی لوگوں کے بعد سب سے زیادہ آبادی پاکستانی کیمونٹی کی ہو گی اوربلدیہ بارسلونا کی طرف سے ہمیشہ پاکستانی کیمونٹی کے ہر قسم کے مسائل کو حل کرنے کے لیے کوشش کی جاتی ہے ، انہوں نے پاکستانی کیمونٹی کی انٹیگریشن کے لیے منہاج القرآن بارسلونا کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور اپنے تعاون کا یقین دلایا ۔ منہاج مصالحتی کونسل کے صدر محمد اقبال چوہدری نے پاکستانی کیمونٹی کے زیر التواء مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کا مطالبہ کیا ۔