منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کو بارسلونا میں جہاں دینی و مذہبی سرگرمیوں میں ایک منفرد حیثیت حاصل ہے وہاں تدریسی اور فلاحی کاموں میں بھی ایک خاص مقام حاصل ہے، گزشتہ 6سال سے منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں بچوں کوباقاعدگی سے اردو زبان پڑھائی جا رہی ہے اور گزشتہ 2سال سے مرد و خواتین کے لیے سپانش اور کاتالان کے مختلف کورسز کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔پاکستانی بھائیوں کے لیے گزشتہ 2سال سے منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں سہہ ماہی بنیادوں پر سپانش سکھانے کی کلاس جاری ہے ،اگرچہ بارسلونا میں مختلف مقامی اداروں کے مراکز میں سپانش کی کلاسز ہوتی ہیں لیکن منہاج القرآن بارسلونا کی یہ کلاس اس لیے منفرد ہے کہ اس میں منہاج القرآن سپین کے سیکریٹری جنرل نوید احمد اندلسی خود پڑھاتے ہیں جس کی وجہ سے یہ باقی تمام کلاسز سے آسان ہوتی ہے اور اس طرح یہاں داخلہ کے امیدواروں کی تعداد بہت زیادہ ہوتی ہے اور ہر سہ ماہی کے آغاز پر کلاس کے داخلے کے وقت قرعہ اندازی کے ذریعے طلباءکا انتخاب کیا جاتا ہے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے سیکریٹری جنرل اور سپانش کلاس کے ٹیچر نوید احمد اندلسی نے نظامت نشرو اشاعت سے اپنی گفتگو کے دوران بتایا کہ اس سلسلے کی اگلی کلاس 2مئی بروز سوموار کو شروع ہو گی اور مذکورہ تاریخ کو ہی رات 9بجے قرعہ اندازی کے ذریعے داخلہ ہو گا لہٰذا جو بھی اس کلاس میں شامل ہونا چاہے وہ مذکورہ وقت پر منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا پہنچ جائے۔انہوں نے بتایا کہ کلاس سوموار تا جمعہ رات 9سے 11بجے تک ہوا کرے گی اور اس کلاس کے تمام طلباءکے لیے ضروری ہو گا کہ وہ 3ماہ کی کلاس کے دوران کسی خاص مجبوری کے علاوہ ایک دن بھی غیر حاضری نہ کریں اور کلاس میں صرف ان افراد کو داخلہ ملے گا جو انگریزی حروف تہجی لکھنا جانتے ہوں تاکہ کلاس کے تمام طلباءکا لیول برابر رہے ، انہوں نے بتایا کہ اگرچہ کلاس کے یہ ضابطے ابتدائی طور پر مشکل اور سخت محسوس ہوتے ہیں لیکن ان ہی کی بدولت اس کلاس سے فارغ ہونے والے طلباءاب خود بھی سپانش پڑھا رہے ہیں ۔


محمد عثمان قادری، نائب ناظم نشرواشاعت
منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا