منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین (بارسلونا) کے زیر انتظام مئی، جون اور جولائی 2011ء میں جاری رہنے والی سپانش زبان کی کلاس میں نوید احمد اندلسی (کلاس ٹیچر) کی خصوصی دعوت پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معززین کو کلاس میں لیکچر کی دعوت دی گئی ، ان معززین میں محمد اقبال چوہدری (صدر منہاج مصالحتی کونسل سپین)، راجہ شعیب ستی (معروف سماجی رہنماء)، محمد افضل جاوید (انٹرنیشنل کوچ)، جاوید مغل (چیف ایڈیٹر ہم وطن )، شفقت علی رضاء (چیف ایڈیٹر پاک نیوز)، محمد مہدی (سپانش نو مسلم) اور علامہ محمد اقبال اعظم (ڈائریکٹر MWFیورپ) شامل ہیں ۔ ان شخصیات نے مقامی زبان پر عبور حاصل کرنے کے فوائد پر طلباء کو لیکچر دیا۔
سپین میں پاکستانی تنظیمات کے فیڈریشن کے سابقہ صدر اور معروف سماجی رہنماء راجہ شعیب ستی نے سپانش کلاس کے طلباء سے گفتگو میں کہا کہ انہیں بہت خوشی ہوئی ہے کہ وہ علم سیکھنے کے خواہش مند لوگوں کے درمیان گفتگو کر رہے ہیں، انہوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کا شکریہ بھی اداء کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بارسلونا، سپین اور دنیا بھر میں منہاج القرآن انٹرنیشنل جتنا کام کر رہی ہے وہ کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ وہ خود اس وقت جتنی سماجی خدمات سر انجام دے رہے ہیں وہ تحریک منہاج القرآن سپین کے سرپرست محمد نواز کیانی کا ہی سکھایا ہوا ہے ۔ انہوں نے طلباء کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ وہ سپانش سیکھیں اور اس کے بعد اس کو نہ صرف اپنے کام کاج کے لیے استعمال کریں بلکہ اس کے ذریعے اپنے ملک کا اچھا سفیر بھی بنیں، انہوں نے تمام طلباء کو ہدایت کی کہ وہ سپانش لوگوں کے ساتھ اور بالخصوص اپنے ہمسائیوں کے ساتھ اچھے انداز سے پیش آئیں اور انہیں اپنے ملک اور دین کے بارے بھی بتائیں ۔انہوں نے طلباء کے مختلف سوالات کے جواب بھی دیے۔
بارسلونا، سپین سے شائع ہونے والے اردو کے سب سے پہلے اخبار ہم وطن کے چیف ایڈیٹر جاوید مغل نے سپانش کلاس میں اپنے لیکچر میں طلباء کو شعبہ صحافت کا تعارف کرایا ، میڈیا کے مثبت کردار پر روشنی ڈالی اور اپنے صحافتی کیرئیر کے بارے بتایا ۔ انہوں نے کہا کہ حدیث پاک میں مسلمانوں کو علم حاصل کرنے کی تلقین ہے اور زبان بھی ایک طرح کا علم ہی ہے اس لیے تمام پاکستانیوں کو چاہیے کہ وہ مقامی زبان پر عبور حاصل کریں ۔ انہوں نے اسلام میں حقوق العباد کی اہمیت پر بھی سیر حاصل گفتگو کی ۔ انہوں نے شعبہ صحافت اور صحافیوں کے کردار کے حوالے سے طلباء کی طرف سے کیے جانے والے مختلف سوالات کے جوابات بھی دیے ۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے بانی رہنماء اور منہاج مصالحتی کونسل کے صدر محمد اقبال چوہدری نے کلاس میں اپنے لیکچر میں طلباء کو سپانش زبان کے سیکھنے پر مبارک باد دی اور کہا کہ کسی بھی ملک میں رہنے کی نیت سے جانے کے بعد سب سے بنیادی چیز اس ملک کی زبان پر عبور حاصل کرناہے، کیونکہ یہی وہ ذریعہ ہے جس کی مدد سے آپ اپنے خیالات دوسروں تک پہنچا سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ سپین میں آئے تھے تو اس وقت سپانش سیکھنے کے لیے کوئی ایسی جگہ موجود نہیں تھی جس طرح آج آپ کی یہ کلاس ہے ، انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنے ایک دوست کی مدد سے سپانش سیکھی تھی اور آپ لوگ خوش قسمت ہیں جن کے واسطے منہاج القرآن انٹرنیشنل نے سپانش سیکھنے کے لیے اس کلاس کا انتظام کیا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سپانش زبان سیکھنے کا مقصد صرف کام کاج کی تلاش نہیں ہونا چاہیے بلکہ اس کے ذریعے دین مبین کی اشاعت کا کام بھی کرنا چاہیے تاکہ یہ مقامی لوگوں کے لیے ہدایت و نجات کا باعث بنے۔ کلاس کے طلباء نے ان سے منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین اور مقامی قوانین کے بارے مختلف سوالات کیے جن کے انہوں نے تفصیل سے جوابات دیئے ۔
2006ء میں منہاج القرآن بارسلونا میں قبولِ اسلام کرنے والے محمد مہدی نے سپانش کلاس میں اپنی گفتگو میں نوید احمد اندلسی کا شکریہ اداء کیا اور تمام طلباء کو سپانش سیکھنے پر مبارک باد دی ، انہوں نے بتایا کہ سپانش سیکھ کر ہی ہم غیر مسلموں تک اسلام کا پیغام پہنچا سکتے ہیں ۔ طلباء کی طرف سے کیے جانے والے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وہ قبولِ اسلام کے بعد اپنے آپ کو بہت خوش قسمت انسان سمجھتے ہیں ۔
مشہور آن لائن اردو اخبار پاک نیوز کے چیف ایڈیٹر شفقت علی رضاء نے طلباء سے اپنی گفتگو میں سب کو سپانش سیکھنے پر مبارک باد دی اور کہا کہ آ پ لوگ خوش قسمت ہیں جنہیں منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی طرف سے سپانش زبان سیکھنے کا موقع مل رہا ہے اور اس سے بھی زیادہ اہمیت کی بات یہ ہے کہ یہاں ساری تعلیم اردو زبان میں دی جاتی ہے اور میری معلومات کے مطابق سپین میں ایسا اور کوئی سکول یا ادارہ نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو مقامی زبان نہیں آتی تو اس کو کئی جگہوں پر جانے کے لیے کوئی سہارا تلاش کرنا پڑتا ہے اور جب انسان زبان سیکھ لیتا ہے تو وہ خود کسی کا سہارا بننے کے قابل ہو جاتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ وہ بھی اس کلاس کے طالب علم رہ چکے ہیں لیکن تلاش روزگار کی وجہ سے کلاس مکمل نہ کر سکے ۔
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ کے ڈائریکٹر علامہ محمد اقبال اعظم نے کلاس میں گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے اتنے آسان انداز سے سپانش سکھانے پر کلاس ٹیچر نوید احمد اندلسی کو مبارک باد پیش کی اور اس کو صدقہ جاریہ قرار دیا ۔ انہوں نے آغوش پروجیکٹ پر بھی روشنی ڈالی ۔ انہوں نے تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے متعلق طلباء کے مختلف سوالات کے جواب بھی دیے ۔
مختلف سپورٹس گیموں کے انٹرنیشنل کوچ اور سپانش کلاس کے طالب علم محمد افضل جاوید نے اپنے تمام ہم جماعتیوں سے گفتگو میں اپنے کیرئیر کی تفصیلات بتائیں اور سب کو تلقین کی کہ بارسلونا میں سپانش زبان سیکھنے کا آسان ترین ذریعہ ملنا ہمارے لیے خوش قسمتی کی بات ہے لہٰذا ہمیں اس کی قدر کرتے ہوئے اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ سپانش زبان پر عبور حاصل کرنے کے بعد ہمیں اپنے وطن کا نام روشن کرنا چاہیے اور اپنے دین کا سفیر بننا چاہیے ۔
یاد رہے کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے زیر انتظام سپانش کلاس گزشتہ 2سال سے جاری ہے ، ہر تین ماہ بعد قرعہ اندازی کے ذریعے25طلباء کا داخلہ کیا جاتا ہے اور منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے سیکریٹری جنرل نوید احمد اندلسی اس کلاس میں اپنی تدریسی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔اس کلاس میں طلباء کو سپانش زبان انتہائی آسان انداز اور اردو زبان کے ذریعے سکھائی جاتی ہے یہی وجہ ہے کہ اس کلاس سے فارغ التحصیل ہونے والے طلباء خود سپانش سکھا رہے ہیں ۔
رپورٹ: نوید احمد اندلسی