گزشتہ دونوں منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں ستمبر تا نومبر 2011جاری رہنے والی سپانش کلاس کے طلبہ کے اعزاز میں پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں کلاس کے فارغ التحصیل طلبہ، کلاس ٹیچر نوید احمد اندلسی، کلاس کے سابق طالبعلم حافظ محمد عمران، معروف صحافی شفقت علی رضاء، منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے سیکریٹری ویلفیئر محمد اکرام اعوان اور فنانس سیکریٹری محمد نواز قادری نے شرکت کی ۔ سپانش زبان کی اگلی کلاس 2 جنوری 2012 کو شروع ہو گی جس کے لیے داخلہ اُسی دن رات 9 بجے منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں ہو گا۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کیا گیا جس کی سعادت بالترتیب حافظ محمد عمران اور محمد تنظیر نے حاصل کی۔ اس کے بعد تمام طلبہ نے فرداً فرداً کلاس کے بارے اپنی آراء دیں جس میں انہوں نے بتایا کہ اس کلاس میں ان کو بہت اچھے انداز سے سپانش سیکھنے کا موقع ملا ہے جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ یہاں سپانش کو اردو زبان کے ذریعے سکھایا جاتا ہے ۔ کلاس کے طالب علم محمد فرحان نے اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں کلاس میں نہ صرف سپانش سیکھنے کا موقع ملا ہے بلکہ جنرل نارلج میں اضافے کے ساتھ ساتھ تحریک منہاج القرآن اور ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے بارے بھی بہت سی معلومات ملی ہیں ۔ ظفر محمود ستی نے اپنی رائے دیتے ہوئے کلاس ٹیچر نوید احمد اندلسی اور منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی پوری ٹیم کا شکریہ اداء کیا جنہوں نے پاکستانی کیمونٹی کے فائدے کے لیے سپانش زبان کو اردو کے ذریعے سکھانے کا انتظام کیا ہے اور بتایا کہ منہاج القرآن کی تنظیمات بیرون ملک اور پاکستان کے اندر بہت اچھے انداز سے کام کر رہی ہیں ۔ کلاس کے متعدد طلباء نے اپنی آراء میں اس بات کا اظہار کیا کہ اس سے پہلے بھی وہ مختلف سکولوں میں سپانش سیکھنے کی غرض سے جا چکے ہیں لیکن چونکہ وہاں کلاس ٹیچر سپانش زبان میں بولتے ہیں اس لیے سمجھ ہی نہیں آتی اور تین ماہ بعد محض حاضری کا سرٹیفیکیٹ دے کر فارغ کر دیا جاتا ہے ۔طلبہ کی آراء میں یہ بات بھی سننے کو ملی کہ وہ تحریک منہاج القرآن کے بارے بہت زیادہ منفی پراپگنڈے کا شکار تھے لیکن یہاں آ کر درست معلومات ملیں، بہت سی غلط فہمیوں کا ازالہ ہوا اور معلوم ہوا کہ تحریک منہاج القرآن بہت اچھے انداز سے دین اسلام کی سر بلندی کے لیے دنیا بھر میں کام کر رہی ہے ۔
محمد نواز قادری (فنانس سیکریٹری منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین) نے اپنی گفتگو میں کلاس کے طلبہ کو نماز پنجگانہ کی تلقین کی اور منفی پراپگنڈے سے بچنے کے طریقے بتائے، انہوں نے بتایا کہ حضور علیہ السلام کا فرمان ہے کہ کسی آدمی کے جھوٹا ہونے کے لیے اتنا ہی کافی ہے کہ وہ سنی سنائی بات بغیر تحقیق کے آگے پہنچا دے، لہٰذا جب بھی کسی کے بارے کوئی بات سنیں تو آگے پھیلانے کی بجائے اس کی تحقیق کی کوشش کرنی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری جیسی شخصیات صدیوں بعد پیدا ہوتی ہیں ۔
منہاج یوتھ لیگ سپین کے ممبر اور کلاس کے سابق طالبعلم حافظ محمد عمران نے اپنی گفتگو میں تمام طلبہ کو کلاس مکمل کرنے پر مبارک باد پیش کی اور بتایا کہ وہ اسی کلاس میں 3ماہ کے مختصر عرصہ میں سپانش زبان سیکھنے کے بعد تحریک منہاج القرآن سے وابستہ ہوئے ہیں انہوں نے تمام طلبہ کو تلقین کی کہ آئندہ بھی تحریک منہاج القرآن اور اس مرکز (منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا) سے منسلک رہیں ۔
کلاس ٹیچر نوید احمد اندلسی نے اپنی گفتگو میں کلاس مکمل کرنے والے تمام طلبہ کو مبارک باد دی اور ان کو تلقین کی کہ جتنی زبان سیکھی ہے اس کو کافی نہ سمجھیں بلکہ وہ اپنی سپانش کو مزید اچھا کرنے کے لیے اگلے لیولز میں داخلہ لیں اور سپانش کو اپنے کام کاج میں استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ ترویج اسلام کا ذریعہ بھی بنائیں۔
پارٹی کے آخری حصہ میں تمام طلبہ میں تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کی طرف سے جاری کردہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی زندگی پر لکھا گیا کتابچہ (مجدد رواں صدی) بھی تقسیم کیا گیا، خصوصی دعا کی گئی اور پارٹی اختتام پذیر ہوئی ۔