ملاقات میں Citaسسٹم میں بہتری اور 6ماہ سے زیادہ پاکستان رہنے والی فیملیوں کے مسائل زیر بحث آئے
ملاقات میں کیمونٹی کی دیگر سیاسی و سماجی تنظیمات کے سربراہان کی شرکت


6اگست 2012ء بروز منگل منہاج مصالحتی کونسل سپین کے صدر محمد اقبال چوہدری کی قیادت میں پاکستانی کیمونٹی کی تنظیمات کے وفد نے پاکستانی قونصل جنرل برائے بارسلونا سپین مسعود خان راجہ سے ملاقات کی جس میں بارسلونا اور کاتالونیا میں رہنے والے پاکستانیوں کے مختلف مسائل زیر غور آئے جن میں سپین میں عارضی ریذڈنسی کارڈ کے حامل پاکستانیوں کی سپین واپسی پر اسلام آباد اور لاہور ائیر پورٹ پر روکے جانے سے پیدا ہونے والی صورتِ حال سر فہرست تھی اس کے علاوہ قونصلیٹ جنرل بارسلونا کے Citaسسٹم کی بہتری، مختلف سروسز کی آن لائن فراہمی اور قونصلیٹ سے متعلقہ فارمز فل کرنے کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔

قونصل جنرل مسعود خان راجہ نے پاکستان میں 6ماہ سے زیادہ قیام کرنے والی فیملیوں کے متعلقہ مسائل کے حل کے لیے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی، انہوں نے کہا کہ وہ اس مسئلہ سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر پاکستان ایمبیسی سپین، سپین ایمبیسی اسلام آباد اور پاکستانی دفترِ خارجہ کے متعلقہ حکام سے رابطہ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل کے حل کے لیے جلد ہی بارسلونا کے ڈپٹی گورنر سے ملاقات کا انتظام بھی کیا جائے گا ۔انہوں نے ملاقات میں موجود معززین پر زور دیا کہ وہ اپنی اپنی مقامی سیاسی جماعتوں سے بھی اس سلسلہ میں رابطوں کو تیز کریں اور جہاں تک ممکن ہو سکے کچھ عارضی ریلیف لینے کی کوشش کریں۔

اس ملاقات میں محمد اقبال چوہدری (صدر منہاج مصالحتی کونسل سپین)، جاوید مغل (سنیئر صحافی)، چوہدری نذیر احمد گوندل (صدر مسلم لیگ ن سپین)، فیض اللہ ساہی (چیئر مین پاکستان ویلفیئر کونسل)، حافظ عبد الرزاق صادق (چیئر مین پاکستان پریس کلب سپین)، سید ظفر علی شاہ (پاک کاتالان فیڈریشن)، مزمل باجوہ، حاجی اسد، راجہ مختار سونی، چوہدری نثار احمد، گلزار احمد اور دیگر معززین شامل تھے ۔