منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں 22اگست 2012تا22نومبر 2012ء جاری رہنے والی سپانش زبان سیکھنے کی کلاس کے طلبہ کے اعزاز میں مورخہ 30نومبر 2012 کو الوداعی پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں کلاس کے فارغ التحصیل طلباء ، ٹیچر نوید احمد اندلسی، صدر MQIسپین مرزا محمد اکرم بیگ ، حاجی محمد افضل ، ارشد محمود مغل ، منہاج یوتھ لیگ کے حماد خان اور ذیشان علی نے شرکت کی ۔ منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں سپانش زبان کی آئندہ کلاس 20دسمبر 2012کو شروع ہو گی جس کے لیے داخلہ حسب معمول بذریعہ قرعہ اندازی مذکورہ تاریخ کو رات 9بجے ہو گا ۔
الوداعی تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے کیا گیا اورحافظ محمد علی نے نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی جس کے بعد طلباء نے فرداً فرداً سہ ماہی کلاس کے بارے میں اپنی آراء و تبصرہ جات دیے جس میں انہوں نے بتایا کہ اس کلاس میں ان کو بہت اچھے اور منظم انداز سے سپانش زبان سیکھنے کا موقع ملا جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ یہاں سپانش زبان کو اردو زبان کے ذریعے سکھایا جاتا ہے، ہمیں اس کلاس میں نہ صرف سپین کی زبان سیکھنے کا موقع ملا بلکہ جنرل نالج، سپین کی ثقافت و قوانین کے بارے بھی معلومات ملیں اور انتہائی دوستانہ ماحول میں 3ماہ گزارنے کا موقع ملا جس کو وہ کبھی فراموش نہیں کر پائیں گے۔ بعض طلباء نے اپنی رائے دیتے ہوئے بتایا کہ اس کلاس میں ان کو تحریک منہاج القرآن کے بارے میں بھی بہت سی ایسی معلومات حاصل ہوئی ہیں جن کے بارے وہ پہلے نہیں جانتے تھے اور ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی ملت اسلامیہ کے اتحاد اور عالمی سطح پر اسلام کے پیغام امن کو پھیلانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کے متعلق معلومات ملی ہیں اور ان کی شخصیت کے بارے میں غلط فہمیوں کا ازالہ بھی ہوا ہے ۔رامپور (اتر پردیش، ہندوستان) سے تعلق رکھنے والے طالب علم محمد یاسر نے اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ کلاس کے دوران انھیں پاکستانی دوستوں کے ساتھ 3ماہ گزار کر بہت خوشی ہوئی ہے اور انتہائی دوستانہ ماحول میسرآیا ہے ۔سپانش زبان سکھانے کی کلاس کا مفت اہتمام کرنے پر طلباء نے منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کا شکریہ اداء کیا ۔
تقریب کے مہمان خصوصی صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین مرزا محمد اکرم بیگ تھے، انہوں نے طلباء سے اپنی گفتگو میں طلباء کو سپانش کلاس مکمل کرنے پر مبارک باد دی اور انہیں تلقین کی کہ وہ یہاں سیکھی گئی زبان پر اکتفاء نہ کریں بلکہ سیکھنے کے عمل کو جاری رکھیں ۔
کلاس ٹیچر نوید احمد اندلسی نے تمام طلباء کو باقاعدگی سے کلاس میں آنے اور کلاس مکمل کرنے پر مبارک باد پیش کی اور انہیں تلقین کی کہ سیکھی ہوئی زبان کی سطح کو مزید بلند کرنے کے لیے دیگر سکولوں اور اداروں میں بھی داخلہ لیں ۔ انہوں نے طلباء کو کہا کہ کام کی تلاش اور روزگار کے علاوہ وہ سپانش زبان کو ترویج اسلام کا ذریعہ بھی بنائیں ، تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی زندگی کا مطالعہ کریں اور اس بارے کسی بھی غلط فہمی کی صورت میں فوری رابطہ کریں ۔
تقریب کے اختتام پر طلباء میں منہاج سی ڈی سنٹر فیصل آباد کی طرف سے تیار کی جانے والی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی شخصیت پر لکھی گئی کتاب مجدد رواں صدی بھی تقسیم کی گئی جس کے بعد میں شرکاء کے لیے ڈنر کا وسیع انتظام بھی موجود تھا ۔