منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں سپانش زبان کی نئی سہ ماہی کلاس کا باقاعدہ آغاز 2 اپریل2013 کو ہوا، جب کہ اس سے ایک دن قبل یکم اپریل کو کلاس میں داخلہ کے خواہش مند طلباء کو کلاس کے قوائد و ضوابط کے بارے تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔
2 اپریل کی شام 9بجے منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا سے منسلک لائبریری میں کلاس ٹیچر نوید احمد اندلسی نے پروجیکٹر سکرین پر کلاس کے قوائد و ضوابط کی تفصیلات بتائیں جس کے بعد کلاس میں پڑھنے کے خواہشمند امید وار وں میں سے شرائط اور قوائد و ضوابط پر پورا اُترنے والے صرف 26 طلباء کا داخلہ کیا گیا۔ اس موقع پر نوید احمد اندلسی نے طلباء کو بتایا کہ اس کلاس کی انفرادیت یہ ہے کہ یہاں سپانش زبان اُردو زبان کے ذریعے سکھائی جاتی ہے اور گرامر کے ساتھ لکھنا، پڑھنا اور بولنا سیکھنے کے لیے سرکاری سطح پر منظور شدہ نصابی کتب کو استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ کلاس میں مختلف مذہبی، علمی، سیاسی، فلاحی اور سائنسی موضوعات پر معلوماتِ عامہ بھی فراہم کی جاتی ہیں۔
داخلہ کی تقریب میں سابقہ کلاسوں کے طلباء حاجی محمد افضل، راحیل اکرم (ایڈووکیٹ) اور علی احمد نے نوید احمد اندلسی کی معاونت کی اور نئے آنے والے طلباء کا استقبال کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں 3 ماہ کی مفت کلاس سے خوب مستفید ہونے کی تلقین کی۔