19اپریل 2014ء کو منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی نیشنل ایگزیکٹو کونسل کے ماہانہ اجلاس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے عہدیداران نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے پرنسپل سیکرٹری اور ناظم امورخارجہ جی ایم ملک کی والدہ محترمہ اور منہاج القرآن سپین کے لائف ممبر حاجی محمد سلیم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مرحومین کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے دعا کی۔
واضح رہے کہ حاجی محمد سلیم مرحوم تحریک منہاج القرآن کے لائف ممبر تھے اور منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں ہر پروگرام میں باقاعدگی سے شرکت کیا کرتے تھے اور رواں سال ہونے والی میلاد کانفرنس میں عمرہ کوپن کی قرعہ اندازی کے دوران اُن کا نام نکلا تھاجس کے نتیجہ میں وہ سفر عمرہ پر تشریف لے گئے اور وہاں مدینہ منورہ میں عارضہ قلب کے باعث انتقال کر گئے، دوران نزع انہوں نے مدینہ منورہ میں ہی تدفین کی وصیت کر دی تھی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے نائب صدر ظل حسن قادری، سیکریٹری جنرل بلال یوسف اور دیگر عہدیداران نے بذریعہ ٹیلیفون جی ایم ملک سے اُن کی والدہ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور منہاج القرآن بارسلونا اور اوسپتالیت کے عہدیداران نے حاجی محمد سلیم کے گھر جا کر اُن کے فیملی ممبران سے تعزیت کی۔
رپورٹ: محمد وقاص راجہ سیکریٹری میڈیاMQIسپین